Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 میں سعودی وفد کی وزیر پٹرولیم کی ملاقات

اعلیٰ سطح وفد کی قیادت سعودی عرب کے ڈپٹی وزیر برائے مائننگ عبدالرحمان البلوشی کر رہے تھے (فائل فوٹو: وزارت پیٹرولیم)
سعودی عرب کے اعلیٰ سطح کے وفد نے پاکستان کے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کے موقعے پر ملاقات کی ہے۔
منگل وزارت پیٹرولیم کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وفد کی قیادت سعودی عرب کے ڈپٹی وزیر برائے مائننگ عبدالرحمان البلوشی کر رہے تھے۔
اس ملاقات میں توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان بھی موجود تھے۔ 
بیان کے مطابق ’ملاقات کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور پاکستان کے تیل، گیس اور معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا تھا۔‘
وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان کے توانائی کے شعبے، خاص طور پر معدنیات اور کان کنی میں موجود وسیع مواقع پر روشنی ڈالی اور سرمایہ کار دوست پالیسی فریم ورک کے ذریعے غیرملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ 
بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ سعودی ڈپٹی وزیر برائے مائننگ عبدالرحمان البلوشی نے کامیاب پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس فورم کا انعقاد ہر سال ہونا چاہیے۔ جس پر علی پرویز ملک نے وفد کو آگاہ کیا  کہ پاکستان پہلے ہی اسے سالانہ سرگرمی بنانے کا عہد کر چکا ہے۔‘
سعودی جیولوجیکل سروے کے سی ای او عبداللہ الشمرانی نے پاکستان جیولوجیکل سروے کی ٹیم کو علم کے تبادلے اور ٹیکنالوجی کے تعاون کے لیے سعودی عرب کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔
وزیر علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے گہرے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان کی توانائی اور کان کنی کی صنعتوں میں سعودی سرمایہ کاری میں اضافے کی توقع رکھتا ہے۔
’انہوں نے سعودی حکومت کی مسلسل حمایت کو سراہا اور پاکستانی حکام کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔‘

 

شیئر: