ہند میں دوران میچ گاڑی پچ پر چڑھ دوڑی
نئی دہلی: ہند میں پچ فکسنگ کے بعد کرکٹ قوانین کی ایک اور سنگین خلاف ورزی سامنے آئی ہے اور نئی دہلی میں رانجی ٹرافی میچ میں ایک شخص اپنی گاڑی پچ تک لے آیا جس سے مذکورہ گراونڈ پر مستقبل میں میچز کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔نئی دہلی میں رانجی ٹرافی کے میچ میں دہلی اور اتر پردیش کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں کہ کھیل کے اختتام سے محض 20 منٹ قبل ایک شخص اپنی کار پچ پر لے آیا اور دو مرتبہ پچ پر گاڑی چلائی جس کے سبب میچ کو کچھ دیر کیلئے روکنا پڑ ا۔کار میں بیٹھے شخص کو پچ کی جانب آتے دیکھ کر امپائرز اور کھلاڑیوں نے روکنے کی کوشش کی لیکن وہ کسی کو بھی خاطر میں نہ لایا لیکن خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی بھی آفیشل یا کھلاڑی کو نقصان نہیں پہنچا۔جس وقت واقعہ رونما ہوا اس وقت گوتم گمبھیر، سریش رائنا، ایشانت شرما اور ریشب پانٹ سمیت متعدد انٹرنیشنل کرکٹرز بھی میدان میں موجود تھے۔پالم کے علاقے میں واقع ایئر فورس اسپورٹس کمپلیکس میں گاڑی لے کر میدان میں آنے والے گریش شرما نامی شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ اسے میدان میں داخل ہوتے وقت کسی بھی قسم کی سیکیورٹی نظر نہیں آئی جس سے سخت سیکیورٹی کا دعویٰ بھی غلط ثابت ہوگیا۔گراونڈ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائے گی۔ ہم معاملے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس بات پر بھی غور کریں گے کہ آئندہ اس گراونڈ کو میچز کی میزبانی دی جائے یا نہیں۔ مذکورہ میچ دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں ہونا تھا لیکن ہند اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچ کے انعقاد کے سبب اسے مجبوراً پالم میں موجود اس گراونڈ پر منتقل کرنا پڑا۔یاد رہے کہ چند دن قبل ہی ہند میں انٹرنیشنل میچ سے قبل پچ فکسنگ کا معاملہ بھی سامنے آیا جب ایک رپورٹر کے اسٹنگ آپریشن نے کیوریٹر کی پچ فکسنگ کا بھانڈہ پھوڑ دیا تھا۔