Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ناانصافی پر آواز اٹھانا توہین عدالت نہیں،مریم اورنگزیب

اسلام آباد...وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ساڑھے چار سالوں کے دوران ملک کو اندھیروں سے نکالنے ،پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرنے، سی پیک کا تحفہ دینے اوردہشتگردی کا خاتمہ کرنیوالے لیڈرکو ملک سے بھاگنے کی ضرورت نہیں۔سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اس وقت بھی صبر وتحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا جب ا نہیں اور حکومت کو سسلین مافیا اور گاڈ فادر کہا گیا۔نوازشریف احتسابی عمل سے راہ فرار اختیار کرنیوالوں میں سے نہیں ۔ جمعہ کو میڈیاسے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے سپریم کورٹ کو خود کمیشن بنانے کےلئے خط لکھا ۔ خود کو اور پورے خاندان کو جھوٹے الزامات کے باوجود عدالت کے سامنے پیش کیا۔ متنازعہ جے آئی ٹی اور پھر احتساب عدالت میں خود اور اپنی بیٹی کو پیش کیا ۔نواز شریف نے جب خود کو احتساب کےلئے پیش کیا تو انہوں نے کہا یہ روایت خود رکھ رہے ہیں۔ اب کوئی اس سے بھاگ نہیں سکتا۔ فیئر ٹرائل اور ناانصافی کی بات کرنا توہین عدالت نہیں ہوتا ۔جمہوریت کے استحکام اور ووٹ کے تقدس کی بات کرنا جارحانہ انداز نہیں ہوتا۔یہ ان کا ایک موقف ہے۔ پاکستان کے تمام اداروں کو آئین اور قانون کے مطابق اسی طرح کام کرنا ہوگا جس طرح محمد نواز شریف نے خود کو اور اپنے تمام خاندان کو آئین و قانون کے سامنے پیش کیا ۔سابق وزیراعظم کو عہدے سے تو ہٹا دیا گیا لیکن عوام کے دلوں سے نہیں ہٹایا جاسکتا ہے۔نواز شریف ملک کا اثاثہ ہیں۔
 

شیئر: