Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روہنگیا مسلمانوں کےلئے الخدمت فاﺅنڈیشن کی کارکردگی مثالی ہے ، ریاض بخاری

 ظلم وبربریت کے شکار بھائیوں کےلئے کام کررہے ہیں ، مولانا حبیب الرحمان کا سیمینار سے خطاب
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان رائٹرز فورم کیجانب سے روہنگیا کے مظلوم و بے بس مسلمانوں کےلئے الخدمت فاﺅنڈیشن کی امدادی کارروائیوں کے حوالے سے سیمینار منعقد کیا گیا ۔قاری محمد آصف کی تلاوت آیات ربانی سے سیمینار کا آغاز ہو ا۔ مولانا حبیب الرحمان نے الخدمت فاﺅنڈیشن کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا برما میں روہنگیا مسلمانوں پر ظلم و بربریت کا جو بازارگرم کیا گیا ہے اس کی بنیادی وجہ صرف یہ ہے کہ انکی شناخت مسلمان کے طور پر ہے ۔ مظلوم و نہتے مسلمانوں کو نذر آتش کیا جارہا ہے ۔ معصوم و شیر خوار بچوں کو انکی ماﺅں سے چھین کر دھکتی آگ کے شعلو ں کی نذر کیا جارہا ہے ۔برمی افواج نے ظلم و بربریت کی جو تاریخ رقم کر دی اسے دیکھنے اور سننے کا حوصلہ کسی میں نہیں ۔ بربریت کی جو تصاویر سوشل میڈیا کے ذریعے ہم تک پہنچ رہی ہیں حقیقت اس سے کہیں زیادہ گمبھیر ہے ۔ مولانا حبیب الرحمان نے مزید کہا الخدمت فاﺅنڈیشن کے ذریعے بے بس و لاچار روہنگیا مسلمان بھائیوں کےلئے جو بنگلہ دیش کے مہاجر کیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی گز ار رہے ہیں ہنگامی بنیادوں پر آپ کے تعاون سے جو مہم شروع کی گئی ہے اس کے تحت الخدمت بنگلہ دیشی اداروں کے تعاون سے مہاجرین کو خیمے ، عارضی رہائش ، کھانے اور دیگر ضروریات فراہم کر رہی ہے ۔ انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس وقت مہاجرین کو ہنگامی بنیادوں پر طبی ادویات ، اور پینے کے صاف پانی کی اشد ضرورت ہے ۔ الخدمت فاﺅنڈیشن کے تحت منظم انداز میں کام کیا جارہا ہے جس کےلئے بنگلہ دیش میں ہی تیار کردہ ہینڈ پمپس مختلف مقامات پر نصب کئے جارہے ہیں ۔ ایک ہینڈ پمپ پر 900 ریال کا خرچہ آتا ہے جس میں تیاری سے لیکر تنصیب تک تمام مراحل شامل ہیں ۔ کھانا پکاکر تقسیم کرنے کا بھی انتظام کیا گیا ہے جس پر فی فرد 55 ریال لاگت آتی ہے ۔ ماہانہ خشک راشن ایک خاندان کےلئے 180ریال ، شیلٹر ہوم کی تیاری پر 700 ریال میڈیکل کیمپ کےلئے 7000 ریال لاگت آتی ہے ۔ الخدمت یہ تمام امور بنگلہ دیش میں قائم اداروں کے تعاون سے انجام دے رہی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں مولانا حبیب کا کہنا تھا کہ امدادی اشیاءوہاں پہنچانا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے اس لئے الخدمت فاﺅنڈیشن کے زیر انتظام بنگلہ دیش میں ہی مقامی سطح پر تمام امدادی کارروائیاں کی جارہی ہیں ۔ صدر تقریب پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر ریاض بخاری نے کہا الخدمت فاﺅنڈیشن کی جانب سے نہتے روہنگیا مسلمانو ںکےلئے جو امدادی کارروائیاں کی جارہی ہیں وہ مثالی ہیں ۔ اس کار خیر میں ہر طرح سے تعاون جاری رکھیں گے ۔ روہنگیا مسلمانوں کے مستقبل کا تعین سیاسی بنیادوں پر کیا جانا چاہئے ۔مہمان خصوصی ضیاءعباس ندوی نے اپنے خطاب میں الخدمت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔ روہنگیا کمیونٹی کے نورالاسلام نے اراکان روہنگیا کی تاریخ کے حوالے سے مفید معلومات پیش کرتے ہوئے کہا صدیوں بعد برمی حکومت انہیں مہاجر قرار دینا چاہتی ہے ۔ برمی حکومت کی سرپرستی میں وہاں آگ و خون کا بازار گرم کیاگیا ہے جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی ۔ رائٹرز فورم کے صدر انجئینر نیاز احمد نے حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مجبور و بے کس روہنگیا بھائی ہماری جانب دیکھ رہے ہیں۔ سیمینار میں مشترکہ طور پر قرار داد منظور کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ روہنگیا کے مظلوم مسلمانوں پر ظلم وستم بند کرتے ہوئے انہیں انکا جائز حق دیا جائے ۔ اطہر نفیس عباسی ، احمد زبیر ، زمرد سیفی نے منظوم کلام پیش کیا ۔ بہجت ایوب نجمی کی دعا پر سیمینار کا اختتام ہوا ۔

شیئر: