Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران کے بیان کیخلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد

کر اچی ...سندھ اسمبلی میں عمران خان کے قبل ازوقت انتخابات کے بیان کیخلاف قرارداد منظور کر لی گئی۔قرارداد پیپلزپارٹی کے سینئر وزیر نثار کھوڑو نے پیش کی۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلزپارٹی عمران خان کے جلد الیکشن کرانے کے بیان کی مذمت کرتی ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کبھی دھرنے اورکبھی اداروں پرحملے کرتے ہیں۔ عمران خان جمہوری اداروں کےخلاف ہیں اورقبل ازوقت انتخابات کا مطالبہ کر کے ووٹرز کی بے عزتی کررہے ہیں جس کی ایوان مذمت کرتا ہے. فنکشنل لیگ کے رکن صوبائی اسمبلی شہریار مہر نے قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ جلسوں کی باتیں جلسوں میں ہی ہونی چاہیے۔ اسمبلی قانون سازی کیلئے ہے۔ایک دوسرے کے بیانات پر اسمبلی میں بات ہوتی ہے۔تحریک انصاف کے رکن اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے بہتر حکمرانی نہیں کی۔کرپشن کرنےوالوں پر پھولوں کی پتیاں ڈالی جاتی ہیں۔6،6 ارب روپے کی کرپشن کرنے والوں کا استقبال کیا جاتا ہے۔ پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی امداد پتافی نے کہا کہ خرم زمان پہلے کیٹرنگ کے ٹھیکوں کا حساب دیں۔احمق لوگ سیاست میں آگئے۔ایم کیو ایم کے اقلیتی رکن سندھ اسمبلی دیوان چند چاولہ نے کہا کہ عمران خان کے بیان پر افسوس ہے۔عمران خان سامری جادوگر کو لے آئیں جو ا نہیں وزیر اعظم بنوادے۔وزیرٹرانسپورٹ سندھ ممتاز جاکھرانی نے کہا کہ عمران خان کے ہاتھ میں وزیراعظم اور شادی کی لکیر نہیں۔انکے ساتھ سارے دو نمبر لوگ ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران ٹوپی اور اجرک پہن کر سندھی نہیں بن سکتے۔

شیئر: