اسلام آباد..وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران نے گیس پائپ لائن معاہدے کے تحت گیس کی خرید و فروخت کے معاہدے میں ترمیم کے لئے مذاکرات پر اتفاق کیا ہے۔عالمی پابندیوں سے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے کو مکمل کرنے میں تاخیر ہو رہی ہے۔ ایران سے گوادر کے لئے 220 کے وی اے کی ایک اور ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی فراہمی کےلئے معاہدہ کریں گے۔ منگل کو سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران پہلے بھی 132 کے وی اے کی ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے گوادر کے لئے بجلی فراہم کر رہا ہے۔ اب کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے ایک اور معاہدے کی منظوری دی ہے جس کے تحت 220 کے وی اے کی ایک اور لائن سے گوادر کو بجلی کی فراہمی میں اضافہ کیا جائے گا۔ گوادر میں سی پیک کے منصوبے کے تحت کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا 300 میگاواٹ کا منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے دفاعی اور سیکیورٹی تعلقات اہمیت رکھتے ہیں۔ آرمی چیف کے دورہ ایران سے کوئی پیشرفت ہوئی ہے تو اس سے پورے ملک کو خوش ہونا چاہیے۔