ڈونلڈ ٹرمپ رواں برس مئی میں سعودی عرب کا دورہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں: ذرائع
صدر ٹرمپ نے 2017 میں بھی اپنا پہلا غیرملکی دورہ سعودی عرب کا ہی کیا تھا (فائل فوٹو: اے پی)
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی دوسری مدت کے پہلے غیرملکی دورے پر رواں برس مئی کے وسط میں سعودی عرب کا دورہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
عرب نیوز نے امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس کے حوالے سے یہ خبر شائع کی ہے۔ ایکسیوس نے اتوار کو دو امریکی حکام اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غیرملکی دوروں کے حوالے سے معلومات رکھنے والے ایک ذریعے کے حوالے سے یہ رپورٹ دی ہے۔
سعودی عرب امریکہ کی خارجہ پالیسی میں زیادہ نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ مملکت نے حال ہی میں امریکہ اور روس اور یوکرین کے مابین بات چیت کی میزبانی کی ہے۔
صدر ٹرمپ یوکرین میں جنگ بندی چاہتے ہیں اور امریکہ نے مملکت کا ابراہم اکارڈز میں ممکنہ شریک کے طور پر انتخاب کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے رواں ماہ کے آغاز میں کہا تھا کہ وہ ممکنہ طور پر اپنا پہلا غیرملکی دورہ سعودی عرب کا کریں گے۔ ان کا 6 مارچ کو کہنا تھا کہ وہ ممکنہ طور پر آئندہ ڈیڑھ ماہ کے دوران مملکت جائیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا تھا کہ میں نے اپنے پہلے دور صدارت کے دوران 2017 میں اپنا پہلا غیرملکی دورہ بھی ریاض کا ہی کیا تھا۔
ایک ذرائع نے بتایا کہ 28 اپریل کو صدر کے دورہ سعودی عرب کی ممکنہ تاریخ کے طور پر زیرِغور لایا گیا تھا، تاہم پھر اسے موخر کر دیا گیا۔
ایکسیوس کے مطابق ایک سرکاری افسر اور دورے سے واقفیت رکھنے والے ذرائع نے بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اب رواں برس مئی کے وسط میں سعودی عرب کا دورہ کرنے کا منصوبہ ہے۔
وائٹ ہاؤس نے برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی جانب سے اس خبر پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔
دوسری جانب سعودی عرب کی جانب سے بھی تاحال صدر ٹرمپ کے دورے کی ممکنہ تاریخوں کے حوالے سے سرکاری سطح پر کوئی اعلان یا تصدیق نہیں کی گئی۔