Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرف مہاجر کمیونٹی کے اتحاد پر خوش

  اسلام آباد... سابق صدر پرویز مشرف نے ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کے اتحاد پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مجھے ایم کیو ایم سے کوئی ہمدردی نہیں بلکہ مہاجر قوم سے ہمدردی ہے۔ ایم کیو ایم نے پاکستان میں خود کو بدنام کر دیا ہے۔پاکستان میں اس کا کوئی مستقبل نہیں ۔ایم کیو ایم کی وجہ سے مہاجر قوم شدید تکلیف میں ہے۔ انہوں نے کہا میری سوچ صرف مہاجر کمیونٹی سے نہیں بلکہ میری سوچ پاکستانیت ہے۔مہاجر کمیونٹی کو اکٹھا ہونا چاہئے بلکہ اس سے بھی آگے کی سوچ کو رکھنے کی ضرورت ہے۔ جس میں کراچی کے پنجابی، پٹھان، بلوچی، بنگالی، بہاری سب کو اکٹھا ہوکر نئی طاقت کو ابھارنا چاہئے۔ دیہی علاقوں کو بھی اپنی سوچ کے قریب لانا ہوگا، جس سے پیپلزپارٹی کو اندرون سندھ میں شکست دے سکتے ہیں اور سندھ میں حکومت بنا سکتے ہیں۔سندھ کے بعد پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا میں اے پی ایم ایل کے ساتھ مل جائیں تو پورے پاکستان میں نئی سیاسی اور پاکستانیت کی سوچ کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ متحد ہونے پر مہاجر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور یہ بھی کہتا ہو کہ اپنی سوچ کو بلند کریں۔ پاکستان کے بارے میں سوچیں۔ خود کو ایم کیو ایم کے دائرے سے باہر نکالیں اور اپنے اوپر مہاجر کے دھبے کو مٹائیں۔

شیئر: