حیدرآباد۔۔۔بڑی نوٹوں کی تنسیخ کیخلاف کرناٹک میں کانگریس کی جانب سے یوم سیاہ منایاگیا تاہم بی جے پی نے بدھ کے دن کو یوم فتح کے طور پر منایا۔ کانگریس کے لیڈروں نے گزشتہ سال 500روپے اور 1000روپے کی نوٹوں کو منسوخ کرنے کے عجلت میں لئے گئے مرکزی حکومت کے فیصلہ کی مذمت کی اور کہا کہ اس سے معیشت متاثر ہوئی‘ غریب اور متوسط طبقہ متاثر ہوا۔ اس کے علاوہ کئی اموات بھی ہوئیں۔ کانگریسی کارکنوں نے جلوس نکالتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر فنانس ارون جیٹلی کیخلاف نعرے بازی کی ۔ انہوں نے دونوں لیڈروں کے پتلے بھی جلائے۔ کرناٹک میں کانگریس پارٹی کے امور کے انچارج کے وی وینو گوپال ‘ کرناٹک کانگریس کے صدر پرمیشور ‘ کرناٹک کانگریس کے کارگزار صدر دنیش گنڈو راو ‘ بیشتر وزراء ‘ ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی نے اس احتجاج میں حصہ لیا۔ وینوگوپال نے کہا کہ نوٹ بندی کے عمل سے معیشت بری طرح متاثر ہوئی اور ملک میں اقتصادی انارکی کی صورتحال پیدا ہوئی۔ اس کیلئے مودی کو ذمہ داری قبول کرنی چاہئے ۔ اس سے گھریلو مجموعی پیداوار بھی متاثر ہوئی ہے۔