Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرپشن کےخلاف کریک ڈاﺅن کے بعد سعودی اسٹاک مارکیٹ میں صورتحال معتدل

پرائس انڈیکس میں صرف 2.13پوائنٹس کی کمی ، باقی سارے اشاریئے مثبت زون پر بند 
غیاث الدین۔ جدہ
پچھلے ہفتے سعودی عرب میں کرپشن کے خلاف کریک ڈاﺅن اور وزیروں اور بڑے نامی گرامی شہزادوں کی گرفتاری سے سعودی اسٹاک مارکیٹ میں کوئی بھونچال نہیں آیا بلکہ صورتحال معتدل رہی۔ تداول آل شیئر انڈیکس 219پوائنٹس کے مدوجزر کے بعد صرف 2.13پوائنٹس کی کمی کے بعد 6954.38پوائنٹس پر بند ہوا۔ انڈیکس کے علاوہ باقی سارے اشاریوں میں زبردست فروغ دیکھا گیا۔ سودوں اور حجم میں بالترتیب 25فیصد اور 33فیصد کا اضافہ نوٹ کیا گیا۔ کاروباری مالیت 41فیصد فروغ کے بعد 22ارب ریال پر پہنچ گئی۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں صرف 4.4ارب ریال کا اضافہ نوٹ کیا گیا۔ انفرادی کمپنیوں میں سب سے زیادہ نقصان کنگڈم ہولڈنگ کمپنی کو ہوا جس کی قیمت 19.55فیصد کمی کے بعد 8.27ریال پر آگئی۔ اسیر ڈیولپمنٹ کی قیمت 19.52فیصد انحطاط کے بعد 11.21ریال تک گر گئی۔ الطیار ٹریول اینڈ ٹورازم کی قیمت 19.36فیصد کمی کے بعد 26.70ریال پر بند ہوئی ۔ دوسری طرف رئیل اسٹیٹ میں شامل دلہ الارکان نے 9 مہینوں کے مالیاتی نتائج کا اعلان کیا جس کے مطابق ان کے خالص منافع میں 8.96فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس کے حصص کی قیمت 17.74فیصد فروغ کے بعد 8.96ریال تک بڑھ گئی۔ بینکنگ سیکٹر میں شامل نیشنل کمرشل بینک کی قیمت 7.97فیصد اضافے کے بعد 52.43ریال پر پہنچ گئی۔ سعودی برطانوی بینک کی پرائس 7.49فیصدفروغ کے بعد 52.97ریال پر بند ہوئی جبکہ الراجحی بینک کی قیمت 2.04فیصد کمی کے بعد 63.40ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ گزشتہ ہفتے جریر نے 25فیصد کیش ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا اور اس کی قیمت 0.11فیصد اضافے کے بعد 141.63ریال پر بند ہوئی۔

شیئر: