اسلام آباد.... سعودی وزراءاور مختلف ڈویژنوں کے سربراہوں پر مشتمل سعودی وفد کاروباری اور سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے کی غرض سے رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کریگا۔یہ بات پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی نے جمعہ کو یہاں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ سعودی وفد اعلی حکام کیساتھ ملاقاتوں کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری،تجارت میں مزید اضافے کی غرض سے دو طرفہ اقتصادی تعاون کے امور پر بات چیت کرے گا۔سفیر نے کہا کہ سعودی وفد تجارت سمیت مختلف وزارتوں کے حکام پر مشتمل ہوگا۔وفد سی پیک اور گوادر پورٹ سمیت پاکستان میں مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کا جائزہ لیگا۔اس کے علاوہ پاکستانی حکام کیساتھ ملاقاتوں میں سعودی وژن 2030 میں پاکستان کی شرکت ،معیشت اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیاجائیگا۔نواف المالکی نے کہا کہ پاکستان میں 550سعودی کیڈٹس کی تربیت دونوں ملکوں کے درمیان قریبی دفاعی تعاون کی علامت ہے۔پاک سعودی تعلقات سے متعلق سفیر نے کہا کہ ان تعلقات کی بنیاد 1400سال قبل اسلام کے عروج کیساتھ ہی رکھی گئی تھی۔اب یہ تعلقات اقتصادی،تعلیمی،ثقافتی اور دیگر شعبوں میں تعاون میں تبدیل ہو چکی ہیں۔