سعودی عرب سے منگل کو شائع ہونے والے عربی اخبارات کی شہ سرخیاں مختلف موضوعات کے حوالے سے تھیں جونذر قارئین ہیں۔
الشرق الاوسط
الشرق الاوسط نے منگل کے اخبار میں مندرجہ ذیل سرخیاں لگائی ہیں: پہلی سرخی ” شامی اپوزیشن کانفرنس 22نومبر کو ریاض میں منعقد ہوگی ایران کوشام کے جنوبی علاقوں سے بیدخل کرنے کا روس کا وعدہ، کردی آئل فیلڈ پر قابض ہوگئے“۔ دوسری سرخی ”سعودی عرب کی زیر قیادت عرب اتحاد نے یمن کے ہوائی اڈے اور بندرگاہیں دوبارہ کھلوادیں“۔ تیسری سرخی ”سعد الحریری کے بیان پر لبنانی عوام کا اظہار اطمینان، لبنانی عیسائی مذہبی پیشوا سعودی عرب کی ضیافت میں“۔ چوتھی بڑی سرخی الشرق الاوسط کی یہ رہی کہ: ”ایران میں زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کے اعدادوشمار جمع کئے جانے لگے، بڑے پیمانے پر جانی نقصانات کے خدشات، زیادہ تر لوگ نئے سرکاری کمپلیکس میں ہلاک ہوئے، متاثرین ملبے میں پھنسے ہوئے ہیں“۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
الریاض
الریاض اخبار نے منگل کو اپنے شمارے میں صفحہ اول کی شہ سرخی کچھ یوں لگائی ہے کہ :”لبنانی عیسائی مذہبی پیشوا میانہ روی اور رواداری کی علمبردار ریاست کے مہمان، انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے شریک“۔ دوسری سرخی اقامہ و محنت و سرحدی سلامتی قوانین کے مخالفین کی پکڑ دھکڑ مہم کل سے شروع ہوگی“۔ الریاض اخبار کی تیسری بڑی سرخی یہ ہے کہ ”ایران میں زلزلہ، 6400 افراد ہلاک و زخمی“۔ چوتھی بڑی سرخی ”سعودی مجلس شوریٰ نے انسداد نسلی تفریق قانون کا مسودہ تیار کرنے کی منظوری دیدی“۔ پانچویں سرخی الریاض نے اس طرح دی ہے کہ ”جی سی سی ممالک کو خطرات پیدا کرنے کا ذمہ دار قطر ہے، خلیجی ماہرین“۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
الوطن
الوطن اخبار کی صفحہ اول کی پہلی سرخی کچھ اس طرح ہے کہ: ”302473 غیر ملکی 2017ءکے دوران سعودی عرب کو خیر باد کہہ گئے، روزانہ 3ہزار سعودی او رغیر ملکی لیبر مارکیٹ سے نکل رہے ہیں“۔ صفحہ اول کی اسی طرح دوسری سرخی : ”حوثی باغی محاذ آرائی میں ہلاک ہونے والے بچوں کی لاشیں والدین کے حوالے نہیں کرتے، خود ہی دفنا دیتے ہیں“۔ تیسری سرخی ”مشرق وسطی میں آکسفورڈ اکیڈمی برائے ہوابازی سعودی خواتین کو کمرشل طیارے اڑانے کی ٹریننگ دیگی“۔ چوتھی سرخی ”سعودی سماجی بینک 27فیصد قرضے بیواﺅں، مطلقہ اور لاوارث خواتین کو دے رہا ہے“۔ پانچویں سرخی الوطن اخبار نے یوں لگائی ہے کہ ”رواں ہجری سال کے دوران ایک لاکھ 25ہزار جائدادوں کی رجسٹری کی گئی، گزشتہ سال کے مقابلے میں گیارہ فیصد اضافہ“۔ چھٹی سرخی ”ریاض جنرل کورٹ نے جادو ٹونا کرنے والے23سالہ سعودی کو 6برس قید او ر300کوڑوں کی سزا سنادی“۔ساتویں سرخی ہے ”سوشل میڈیا پر حدسے تجاوز کرنے والوں کے معاملات نجی تنازعات کے دائرے میں آتے ہیں، وزارت ثقافت و اطلاعات“۔
٭٭٭٭٭٭٭٭