کرشمہ کی دوسری شادی کی افواہیں ، والد کی نیک خواہشات
ڈیڑھ دہائی قبل تک بالی وڈ میں ہیروئن کی حیثیت رکھنے والی 43 سالہ کرشمہ کپور ان دنوں اپنی دوسری شادی کے حوالے سے خبروں میں ہیں، کیونکہ انہیں ہندوستان کے معروف کاروباری شخص سندیپ توشنیوال کے ساتھ دیکھا جا رہا ہے۔خبریں گردش کر رہی ہیں کہ جلد ہی دونوں شادی کرنے والے ہیں۔خیال رہے کہ اداکارہ کرشمہ کپور نے سال 2003 میں ہندوستان کے کاروباری شخص سنجے کپور سے شادی کی تھی، جن سے ان کے 2 بچے بھی ہیں۔سنجے کپور اور کرشمہ کپور کے درمیان شادی کے چند سال بعد ہی تنازعات شروع ہوگئے تھے، تاہم دونوں نے 2014 میں علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا اور اگلے سال 2015 میں طلاق ہوگئی۔کرشمہ کپورکے ہاں 2005 میں بیٹی ’سمرن‘ جبکہ 2010 میں بیٹا ’کیان‘ پیدا ہوا۔طلاق کے چند دن بعد ہی کرشمہ کپور اور صنعت کار سندیپ توشنیوال کے درمیان تعلقات کی خبریں گردش کرنے لگیں۔حیران کن بات یہ ہے کہ 42 سالہ سندیپ توشنیوال نے بھی حال ہی میں اپنی اہلیہ کو طلاق دی ہے۔سندیپ توشنیوال نے بھی 2003 میں اشرتا نامی خاتون سے شادی کی تھی لیکن انہوں نے بھی 2010 میں علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد دونوں کا مقدمہ عدالت میں چل رہا تھا۔اس جوڑے کے بھی 2 بچے ہیں۔طلاق ہونے کے بعد اشرتا کو کروڑوں روپے نقد اور گھر سمیت دیگر جائداد بھی ملی ہے۔دوسری جانب کرشمہ کپور کے پہلے شوہر سنجے کپور کی جانب سے بھی ایک اور خاتون پریا سے شادی کرنے کی افواہیں کافی عرصے سے گردش کر رہی ہیں۔حال ہی میں کرشمہ کپور اور سندیپ توشنیوال کو متعدد پارٹیوں پر ایک ساتھ دیکھا گیا، جس کے بعد یہ خبریں گردش کرنے لگیںکہ دونوں جلد ہی شادی کررہے ہیں۔کرشمہ کپور کے والد اداکار رندھیر کپور نے بیٹی کی سندیپ توشنیوال کے ساتھ تصاویر پر رد عمل میں کہا کہ اگرچہ انہیں اتنا پتہ ہے کہ کرشمہ کپور جلد شادی کرنے کا ارادہ نہیں رکھتیں، تاہم اگر وہ کرنا چاہتی ہیں تو نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔ تاحال اداکارہ یا سندیپ توشنیوال کی جانب سے کوئی واضح اور حتمی بیان سامنے نہیں آ سکا۔