آسٹریلوی ویمنز ٹیم ایشز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی6وکٹوں سے جیت لیا
سڈنی:آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ویمنز ٹیموں کے درمیان جاری ایشز سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں میزبان آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 6وکٹوں سے شکست دے دی۔انگلش ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر132رنز بنائے۔میگن شٹ نے4وکٹیں لیتے ہو ئے مہمان ٹیم کو بڑے اسکور سے روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔ڈینیلی یاٹ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 36گیندوں پر6چوکوں کی مدد سے 50رنز بنائے جبکہ نتالی اسکیور نے26اور فران ولسن نے ناقابل شکست 23رنز کا حصہ ڈالا۔آسٹریلیا کی بولر میگن شٹ نے 4اوورز میں 22رنز دے کر4اور ایلسی پیری نے 2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔اوپنر بیتھ موونی کے ناقابل شکست 86رنز کی بدولت آسٹریلوی ٹیم کے لئے ہدف تک رسائی زیادہ مشکل ثابت نہیں ہوئی اور میزبان ٹیم نے 4وکٹوں کے نقصان پر 16ویں اوور میں ٰ134رنز مکمل کرتے ہووے فتح سمیٹ لی اور سیریز میں برتری بھی حاصل کرلی۔ موونی نے 56گیندوں پر2چھکوں اور11چوکوں کی مدد سے 86رنز بنائے اور پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔کپتان راشیل ہائینز 12رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہیں۔انگلینڈ کی جانب سے کیتھرین برنٹ، سوفی ایکلیسٹن، ڈینیلی ہیزل اور ایلکس ہارٹلی نے ایک ایک وکٹ لی۔