بی پی ایل: حسن علی نے پہلے ہی میچ میں5کھلاڑیوں کو بولڈ کردیا
ڈھاکا:بنگلہ دیش میں کھیلی جارہی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں پاکستانی بولر حسن علی نے اپنے پہلے ہی میچ میں 20 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اور مین آف دی میچ کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ ڈھاکا ڈائنامائٹس کے خلاف کھیلے گئے میچ میں حسن علی نے پانچوں کھلاڑیوں کو بولڈ کیا۔ کومیلا وکٹویئنز کو 4وکٹوں سے فتح دلادی۔ حسن علی نے اپنے پہلے ہی اوور میں ایون لیوئس اور مہدی معروف کو پویلین کی راہ دکھائی اور بعد ازاں مصدق حسین، محمد صدام حسین اور ابو حیدر کی وکٹیں حاصل کی۔حسن علی کی عمدہ بولنگ کی بدولت ڈھاکا ڈائنامائٹس کی پوری ٹیم 128 کے مجموعی سکور پر ڈھیر ہوگئی اور کومیلا وکٹویئنز نے مقررہ ہدف آخری اوور میں حاصل کر لیا جس میں شعیب ملک کے ناقابل شکست 54 رنز بھی شامل تھے۔آئی سی سی کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر براجمان فاسٹ بولر حسن علی کسی ٹی ٹوئنٹی میچ میں پانچ کھلاڑیوں کو بولڈ کرنے والے دوسرے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں، اس سے قبل بنگلہ دیشی بولر روبیل حسین یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔ حسن علی پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی سیزن میں پشاور زلمی کی ٹیم کا حصہ بننے کے بعد منظرعام پر آئے تھے اور وہ رواں سال ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بھی ہیں۔