پلاسٹک سرجری کے بعد بیٹے کو پہچاننا ماں کیلئے مشکل
جمعرات 23 نومبر 2017 3:00
بینکاک.... پلاسٹک سرجری آج کی طبی سائنس میں ایک اہم مقام رکھتی ہے۔ بعض لوگ اپنے ساتھ پیش آنے والے مختلف حادثات کے بعد شکل و صورت کے اعتبار سے اتنے عجیب ہوجاتے ہیں کہ انہیں پلاسٹک سرجری کرانی پڑتی ہے مگر یہی پلاسٹک سرجری جب کاسمیٹک سرجری کے شعبے میں داخل ہوتی ہے تو بہت سے اچھے خاصے چہرے والے لوگ بھی اپنی پلاسٹک سرجری کرنے میں کچھ تامل محسوس نہیں کرتے تاہم ایسا ضروری ہے کہ ان آپریشنز کے بعد انسان کے اس چہرہ سے جو دیکھنے والوں کی آنکھوں میں برسوں سے بسا ہوتا ہے کوئی مطابقت نہیں رکھتا۔ ایسا ہی کچھ یہاں رہنے والی ایک خاتون کے ساتھ پیش آیا۔ جب اس کا بیٹا جو مڑے تڑے جبڑے کی وجہ سے بدشکل ہوگیا تھا اپنی پلاسٹک سرجری کیلئے ایک کلینک میں داخل ہوا جہاں ڈاکٹروں نے بیحد مہارت کیساتھ اسکی سرجری کردی تاہم 22سالہ نپوجک مولنگ نامی یہ نوجوان جب کلینک سے باہر آیا تو اور تو اور اسکی ماں بھی اسے پہچاننے میں دشواری کا شکار ہوگئی۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ وہ بہت دیر تک کلینک سے باہر آنے والے شخص کو غور سے دیکھتی رہی۔ شاید وہ یہ یقین کرنا چاہتی تھی کہ اسکے سامنے کھڑا اسکا بیٹا ہے یا کوئی اور ہے تاہم جب اسے یقین ہوگیا کہ یہ اسکا بیٹا ہی ہے تو فرط جذبات اور خوشی کے مارے اسکے آنسو نکل آئے اور وہ بے اختیار اس سے لپٹ گئی۔ اطلاعات کے مطابق 22سالہ نوجوان کے جبڑے اس طرح اوپر چڑھ گئے تھے کہ اسکا چہرہ نہ صرف بدنما ہوگیا تھا بلکہ اسکے لئے کوئی چیز کھانا یا چبانا بھی مشکل ہوگیا تھا۔ حدیہ تھی کہ اسکے رفقائے کار کھانے میں اسکی مدد کرتے تھے اور لقمہ دیکر اپنے ساتھی کی ضرورت پوری کرتے تھے۔ سرجنو ںکا کہناہے کہ آپریشن کئی مراحل سے گزر کر تکمیل تک پہنچا اور شاید یہی وجہ ہے کہ اسکی ماں کیلئے بیٹے کو پہچاننا دشوار ہوگیاتھا۔ یہ سارا پروگرام پلاسٹک سرجری کے حوالے سے مقامی ٹی وی کے ایک شو میں پیش کیا گیا۔ سرجنوں نے آپریشن کا عمل جبڑے کیساتھ پیشانی، پلکوں اور کان کی لوئوںکے پاس کیا۔ آپریشن کے بعد اس کی صحت اچھی ہے اور ا ب دیکھنا یہ ہے کہ وہ اپنے نئے چہرے کیساتھ کتنے دنوں میں مانوس ہوتا ہے۔