Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہلی میں خواتین کےخلاف جرائم روکنے کےلئے لیڈیز پولیس متعارف

نئی دہلی.... نئی دہلی میں خواتین کےخلاف جرائم کو روکنے کےلئے دسمبر سے ایک نیا لیڈیز پولیس اسکواڈ کام کرنا شروع کر دےگا۔ رفتار نامی یہ اسکواڈ موٹر سائیکلوں پر سوار 600خواتین پولیس اہلکاروں پر مشتمل ہو گا۔اسی طرح کا اسپیشل لیڈیز پولیس یونٹ جے پور میں بھی متعارف کرایا جا چکا ہے۔جرائم کی روک تھام کےلئے ”رفتار“ اسکواڈ قائم کیا گیا ہے، وہ اگلے ماہ سے اپنا کام کرنا شروع کر دے گا۔ 600 خواتین پر مشتمل یہ اسپیشل اسکواڈ موٹر سائیکلوں پر سوار لیڈیز پولیس کا ایک ایسا دستہ ہو گا جس میں شامل اہلکار2،2 کے گروپوں میں بہت زیادہ آبادی والے شہر کے مختلف حصوں میں سڑکوں پر گشت کیا کریں گی۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان600 پولیس اہلکاروں میں سے ہر موٹر سائیکل پر 2,2خواتین سوار ہوں گی۔ ان میں سے ڈرائیونگ کرنے والی پولیس ویمن کے پاس ایک پستول ہو گی جبکہ اس کے پیچھے بیٹھی ہوئی ہر اہلکار کے پاس اے کے 47 رائفل ہو گی۔اسکے علاوہ اس پولیس اسکواڈ کی اراکین کے پاس کالی مرچوں والا ’پیپّر اسپرے‘ بھی ہو گا اور ان خواتین کے جسموں پر باڈی کیمرے بھی لگے ہوئے ہوں گے تاکہ کسی بھی صورتحال میں قانون کے مطابق تفتیش کےلئے ان کیمروں کی فوٹیج بھی استعمال کی جا سکے اور مجرموں کو شناخت کیا جا سکے۔دہلی پولیس کے ترجمان دیپندر پاٹھک نے بتایاکہ یہ اسپیشل اسکواڈ ملکی دارالحکومت میں خواتین کےخلاف جرائم کی بہت اونچی شرح پر قابو پانے میں بہت مددگار ثابت ہو گا۔ بنیادی طور پر اس اسکواڈ کی تشکیل سڑکوں پر جرائم کے ارتکاب کی روک تھام کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

شیئر: