نئی دہلی۔۔۔۔فلم پدماوتی کے تنازع پر نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ پرتشدد احتجاج جمہوریت میں ناقابل قبول ہے۔ایک تقریب میں انہوں نے کہا کہ آپ کو جمہوری طریقے سے احتجاج کا حق حاصل ہے ، متعلقہ حکام سے رجوع کریں ۔ آپ کسی کو جسمانی یا ذہنی تکلیف نہیں پہنچا سکتے اور تشدد کی دھمکی بھی نہیں دے سکتے۔ نائیڈو نے کہا کہ فلمو ں کے حوالے سے ایک نیا مسئلہ یہ کھڑا ہوگیا ہے کہ لوگ سمجھنے لگتے ہیں کہ ان کے جذبات مجروح ہورہے ہیں۔ اس طرح احتجاج شروع ہوجاتا ہے اور بعض لوگ اس حد تک آگے بڑھ جاتے ہیں کہ انعامات کا اعلان کرتے لگتے ہیں ۔ ہر کوئی ایک ایک کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کررہا ہے جس پر مجھے شک ہے ، کیا ایک کروڑ روپے نقد رکھنا آسان بات ہے ؟ نائب صدر نے کہا کہ کسی احتجاج کو کسی مذہب سے جوڑنا غلط ہے۔ہم پرہرخاص و عام کے جذبات کا احترام کرنا لازم ہے۔