اسلام آباد...سپریم کورٹ میں صدر لاہور ہائی کورٹ بار ملتان بنچ شیر زمان کی اپیل کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے ملتان بار کے وکلاءپر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں؟ یہ وہ عدالتیں نہیں جن میں جب چاہا آپ نے مار پیٹ کرلی۔پہلے وکیل نچلی عدالتوں کا احترام نہیں کرتے تھے۔ اب اعلیٰ عدلیہ کا احترام بھی نہیں کیا جاتا۔ سپریم کورٹ نے صدر لاہور ہائی کورٹ بار ملتان بنچ کی ہائی کوفیصلے کیخلاف اپیل غیر موثر قرار دیتے ہوئے خارج کردی ۔ پیر کو کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کے پاس ہر کسی سے نمٹنے کی طاقت ہے۔آپ کے کنڈکٹ کو دیکھ کر لگتا ہے آپ یہ سسٹم برباد کرنا چاہتے ہیں۔نان پروفیشنل لوگوں کو سسٹم برباد نہیں کرنے دوں گا ۔بعض وکیل اپنی سیاست کے ذریعے عدالتوں کو برباد کرنا چاہتے ہیں۔جب بھی مسئلہ حل کی طرف جاتا ہے۔ ملتان کے وکیل اس میں رخنہ ڈالتے ہیں۔چیف جسٹس نے نے کہا کہ عدالتوں کی تضحیک برداشت نہیں کروں گا۔وکلا کا رزق روٹی ا نہی اداروں سے چل رہا ہے۔عدالتوں کو احترام کریں۔مسئلے کے حل میں میری مدد چاہئے تو چیمبر میں اپنے نمائندوں کو بھیجیں۔ مناسب طریقے سے ملاقات کا ٹائم لیں۔ چیف جسٹس نے وکلاءکو ہدایت کی کہ مجھ سے ملیں تو رویہ اور کنڈکٹ ٹھیک رکھیں۔ بعدازاں عدالت صدر لاہور ہائی کورٹ بار ملتان بنچ کی ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل غیر موثر قرار دیتے ہوئے خارج کردی ۔ لاہور ہائی کورٹ نے صدر ملتان بار شیر زمان کو بطور صدر بار کام سے روک دیا تھا۔