دہشت گردی بدی ، تخریب کاری اور انارکی ہے، ممتاز سعودی علما
ریاض.... سعودی عرب کے ممتاز علماءبورڈ نے واضح کیا ہے کہ اسلام دہشت گردی کا مخالف ہے ، دہشت گردی بدی، تخریب کاری اور انارکی ہے۔ دہشت گرد فکری طور پر منحرف ، ذہنی مریض اور راہ حق سے ہٹے ہوئے ہوتے ہیں۔ دنیا بھر کے انسان دہشتگردی کو نہ صرف یہ کہ مسترد کرتے ہیں بلکہ اس کی مذمت پر بھی متفق ہیں۔ اتنا ہی نہیں بلکہ ہر کس و ناکس دہشت گردی اور دہشت پھیلانے والوں سے برا¿ت کا اعلان کررہا ہے۔ علماءبورڈ نے اعلامیہ جاری کرکے انسداد دہشت گردی کے اسلامی فوجی اتحاد میں شامل مسلم وزرائے دفاع کی پہلی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے ولیعہد ، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کے خطاب کی تائید و حمایت کردی۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے خطاب میں واضح کیا تھا کہ دہشت گردی کا سب سے خطرناک پہلو یہ ہے کہ اس نے رواداری کے اسلامی پیغام کی تصویر بگاڑ دی ۔ اسلام دنیا بھر کے انسانوں کیلئے رحمت ، بنی نوع انسان کی فلاح و بہبود اور اصلاح حال کیلئے نازل کیاگیا تھا۔ سعودی علماءنے توجہ دلائی کہ اسلام کا پابند کوئی بھی شخص جب دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے تو اس کا موقف اسلامی شریعت سے ماخوذ ہوتا ہے جس نے تمام شہریوں کے تحفظ کی تعلیم دی ہے۔ اسلام انسانی جان کی حرمت کا علمبردار ہے ۔ تمام مسلمان نفرت کے سوتے خشک کرنے کیلئے اس سلسلے میں عالمی تعاون کے پابند ہیں۔ ہر مسلمان نسلی تفریق کا مخالف ہے اور ہونا چاہیئے ۔ نسل پرستی اندھا اور بہرہ کردیتی ہے۔ دوسری جانب پاکستان علماءکونسل کے سربراہ طاہر محمود اشرفی نے دہشت گردی کیخلاف اسلامی فوجی اتحاد کے قیام پر سعودی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاض کانفرنس زماں و مکان ہر لحاظ سے اہم ہے ۔ ریاض میں اسلامی فوجی اتحاد کا صدر دفتر سعودی عرب کے عالمی مقام و رتبہ کے باعث اتحاد کے استحکام میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے علماء مسلم ممالک کے امن کو خطرات پیدا کرنے والے دہشت گرد گروہوں اور تنظیموں کیخلاف اتحاد کے جملہ اقدامات اور فیصلوں کے حامی ہیں۔