Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلمان لو جہادروکیں ورنہ۔۔۔!

    بنگلور- - - - - - -  ریاست کرناٹک  کے اوڈپی میں  ہندو سادھو سنتوں کی مذہبی  پارلیمنٹ کے اجلاس میں  وشوہندوپریشد  کے ایک  لیڈر گوپال نے مسلمانوں کو دھمکی دی ہے کہ اگر  انہوں نے لو جہاد نہیں روکا تو پھر مسلم لڑکیوں کی بھی خیرنہیں۔  پریشد لیڈر  نے و اضح طور سے کہا  ہے کہ مسلمانوں کو لو جہاد کیخلاف کھل کر میدان میں آجانا چاہیئے اور  اپنے بچوں کو ہندو لڑکیوں سے دور رکھنے کی ترغیب دی جانی چاہیئے۔  گوپال نے کہا کہ اگر  وہ ایسا نہیں کریں گے تو پھر  بجرنگ دل  کے نوجوان  کارکنوں کو مسلم لڑکیوں کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی اجازت دی جائیگی۔  انہوں نے کہا کہ بہتر یہی ہوگا کہ مسلمان  اس معاملے کو یہاں ختم کردیں۔ گوپال نے  جس اجلاس میں یہ دھمکی آمیز تقریر کی  اس میں  آر ایس ایس کے  چیف  موہن بھاگوت بھی موجود تھے۔ گوپال نے کہا کہ لو جہاد کے مسلمان ہی ذمہ دار ہیں اور ان کو ہی  اسے روکنا چاہیئے۔  ہم ہندو پیار کیخلاف نہیں  لیکن ہماری لڑکیاں شاہ رخ اور شیشر یا سلمان اور سنیل کو  یکساں  طور دیکھتی ہیں۔  انہوں نے مزید کہا  کہ  وشوہندو پریشد  شاہ رخ اور عامر خاں جیسے  معاملات کیخلاف ہے۔  انہوں نے  بھرے اجلاس میں  یہ بھی کہا کہ لو جہاد اس وقت ہندوؤں کیلئے سنگین خطرہ بن چکا ہے لہذا ہندوؤں کو بھی  اپنی لڑکیوں کو  مسلمان لڑکوں  سے دور رکھنے کی کوشش کرنا چاہیئے۔  وشوہندو پریشد نے  اس سے قبل بھی لو جہاد کے معاملے کو اٹھایا تھا ۔ ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں  وی ایچ پی اور بجرنگ دل  نے  3 روزہ  کانفرنس کے انعقاد میں ایک بک لیٹ  فروخت کی تھی جس میں ہندو خواتین کو  مسلمان  مردوں سے  ہوشیار رہنے کی بات کہی گئی تھی۔ یہی نہیں بلکہ مسلمانوں کو غدار ، ملک دشمن اور پاکستانی  کہنے کی اپیل بھی کی گئی تھی۔  اس بک لیٹ کا  ٹائٹل  "جہاد اور  لو جہاد ، ہندو لڑکیاں  ہوشیار رہیں" دیا گیا تھا ۔ اس بک لیٹ میں بھی شاہ رخ اور عامر خان  کی ہندو لڑکیوں سے شادیوں کو  لو جہاد کا ہی نام دیا گیا تھا۔

شیئر: