اسلام آباد.. احتساب عدالت نے اثاثہ جات ریفرنس میں اسحاق ڈارکو پیش ہونے کیلئے 4 دسمبر تک مہلت دے دی ۔سماعت کے دوران ضامن نے بتایا کہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی کیلئے 3 سے 4ہفتے درکارہیں۔ انجیوگرافی ہوچکی اوررپورٹس کا انتظارہے ۔نیب پراسیکیوٹرنے کہا کہ ضامن کے بیانات میں تضاد ہے۔ ملزم کی مسلسل عدم حاضری زرضمانت ضبط کی جا ئے ۔احتساب عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اگلی سماعت میں ضمانتی مچلکوں کے ضبط کئے جانے کے معاملے کو دیکھا جائے گا۔ 4 دسمبر تک کا وقت دے رہے ہیں، کوشش کریں کہ ملزم کو پیش کریں۔اس سے قبل اسحاق ڈار کی طلبی کا اشتہار نیب عدالت کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کردیا گیا ۔ اشتہارکے متن میں اسحاق ڈار کو مفرور قرار دیتے ہوئے انہیں 10 دن میں احتساب عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ اگر پیش نہ ہوئے تو اشتہاری قرار دے دیا جائے گا۔