Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انٹرنیشنل اسکول(ناصریہ) ریاض میں سا ئنسی نمائش کا انعقاد

آئندہ نمائش کو اسکول کے سالانہ کیلنڈر میں شامل کیا جائے گا، پرنسپل طاہر رضا
ریاض(ذکاء اللہ محسن) پاکستان انٹرنیشنل ا سکول (ناصریہ) ریاض کے سینئیر بوائز ونگ/کالج ونگ میں سائنس کلب کے تعاون اور سرپرستی میں سائنسی نمائش کا انعقاد ہوا۔ پروفیسر مطیع اللہ چوہدری نے نظامت کے فرائض ادا کرتے ہوئے کہا کہ وقت کی کمی کے پیش نظر صرف 50پراجیکٹ پیش کئے گئے ۔ انہوں نے نمائش کے انعقاد پر سفارت خانہ پاکستان ، پرنسپل پروفیسر طاہر رضا، وائس پرنسپل پروفیسر گوہر رفیق کا شکریہ ادا کیا۔ طلباء نے اپنے پراجیکٹس ، ماڈلز اورتجربات کا عملی مظاہرہ ا سٹیج پر کیا۔ ایک بڑی ا سکرین اور ا سکول ویب سائٹس پر بھی ان تجربات کو براہ راست دکھایاگیا۔ طلباء کے جن پراجیکٹس نے بہت داد سمیٹی ان میں ڈرون، ہوائی جہاز، کمپیوٹر ایپلی کیشنز، گیمز، لفٹ، ہائیڈرولک سسٹم، ٹریفک، سیکیورٹی سسٹم، جنریٹر، لیزر سیفٹی الارم، والکینو، ارتھ کویک الارم وغیرہ تھے۔ وائس پرنسپل پروفیسر گوہر رفیق نے حصہ لینے والے طلباء اور ان کے انچارج اساتذہ مطیع اللہ ، عاطف بوپا رائے، خرم شہزاد، علی کامران کو سراہا۔ انہوں نے پرنسپل طاہر رضا اور ونگ انچارج سعادت اللہ خان کی آمد کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز کرتے رہیں گے جن سے ہمارے طلباء کی صلاحیتوں کو نکھار نے کا موقع ملے گا۔ پرنسپل طاہر رضا نے تقریب کے منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ طلباء نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ہم سب کے دل جیت لئے۔ انہوں نے اس نمائش کو اسکول کے سالانہ کیلنڈر میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے سائنس پراجیکٹس کی حو صلہ افزائی کیلئے اول، دوم اور سوم آنے والے طلباء کو نقد انعامات سے بھی نوازا۔ انہوں نے سائنس کلب کے لئے بھی ایک ہزار ریال کا اعلان کیا۔ پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے تمام ونگز سینیئر گرلز ونگ ون، ٹو، جونیئر گرلز ونگ اورسینیئر بوائز ونگ ٹو میں بھی اس طرح کی نمائشوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تمام ونگز میں نمائشوں کا اختتام قومی ترانے پر ہوا۔

شیئر: