Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انٹرنیشنل اسکول ریاض میں انٹرہاؤس انگریزی مباحثہ

پہلا انعام احمد باجوہ ، دوسراشہیر احمد اور تیسراعابد بلال نے جیت لیا
ریاض ( ذکاء اللہ محسن) پاکستان انٹرنیشنل اسکول ریاض میں انٹر ہاؤس انگریزی مباحثہ ہوا۔ مہمان خصوصی معروف موٹیویشنل اسپیکر اور بزمِ ریاض کے صدر تصدق گیلانی تھے۔ صدارت پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے وائس پرنسپل گوہر رفیق نے کی۔ نظامت کے فرائض جاوید مرزا نے انجام دئیے۔ اسکول کے ہونہار طلبا نے انتہائی خوبصورت اور موثر انداز میں موضوع ‘‘ Honest People Do Not grow’’کے حق اور مخالفت میں دلائل دئیے۔ مباحثے کے آخر میں اکثریت نے موضوع کی مخالفت میں ووٹ دے کر قرار دیا کہ ایمانداری کامیابی کی اوّلین شرط ہے۔ تصدّق گیلانی نے موضوع کو موجودہ حالات کے تناظر میں بہت اہم قرار دیا اور کہا کہ ایمانداری طویل المدّتی کامیابی کا پہلا باب ہے۔ اس کے ساتھ انتھک محنت، مکمل توجہ، مثبت سوچ اور عقل و حکمت شامل ہو جائیں تو مکمل کامیابی کا حصول ممکن ہو جاتا ہے۔ انہوں نے طلبا کی تقاریر اور ان کے موثر اندازِ بیاں کو بے حد سراہا۔ انہوں نے طلبا کو اپنی صلاحیّتوں کو سمجھنے اور اس کے مطابق اپنے مستقبل کے مقاصد کا واضح تعیّن کرنے کا مشورہ دیا کہ وہ ایک کامیاب اور موثر زندگی بسر کر سکیں۔وائس پرنسپل گوہر رفیق نے طلبا اور اساتذہ کی محنت اور جذبے کو بے حد سراہا۔ انہوں نے مہمانِ خصوصی اور تمام مہمانوں کا بہت شکریہ ادا کیا۔پروگرام کے آخر میں جیتنے والے طلبا میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ احمد باجوہ نے اوّل، شہیر احمد نے دوم اور عابد بلال نے سوم پوزیشن حاصل کی۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان ہاؤس نے مجموعی طور پر مباحثے کا فاتح قرار پایا۔

شیئر: