پاکستان سے حقیقت پسندانہ تعلقات چاہتے ہیں،جیمز میٹس
واشنگٹن ...امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہاہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ ہمیشہ حقیقت پسندانہ تعلقات کیلئے پرعزم رہا ہے۔ مشترکہ مفادات کے معاملوں پر وسیع تعاون کے خواہاں ہیں۔اسلام آباد آمد سے قبل ایک بیان میں جیمز میٹس نے کہا کہ دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں خطے میں قیام امن اور پاکستان کے اپنے مفاد میں بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مشترکہ زمینی تعلقات چاہتے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنا سکیں کہ وہاں سے کوئی دہشت گرد تنظیم کام کرنے کے قابل نہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنے فوجی جوانوں اور بے گناہ شہریوں کی قربانیاں دی ہیں۔ امید کرتے ہیں پاکستان اپنے بہتر مفاد اور خطے میں امن و استحکام کے لئے پالیسی پر نظر ثانی کرے گا۔واضح رہے کہ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس پیرکو کو پاکستان پہنچیں گے۔ ایک روز دورے کے دوران وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ خواجہ آصف اور وزیر دفاع خرم دستگیر سے ملاقات کریں گے۔ علاقائی سلامتی، امن، افغان تنازعے اوردوطرفہ امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔وزیر دفاع کی حیثیت سے جیمز میٹس کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔