کولکتہ ۔۔۔۔بابری مسجد کی 25ویں یوم شہادت کے موقع پر منعقد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنر جی نے ان طاقتوں کو یکسر مستردکردیا جو ملک کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ لوگ افواہوں پر کان نہ دھریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بابری مسجد کو منہدم کرکے ملک کی یکجہتی ، ہم آہنگی اور بھائی چارے کی روایت کو نقصان پہنچایاگیا۔ممتا نے کہا کہ 6دسمبر 1992ء کے سانحہ کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔میں نے اس دن محلے محلے، گھر گھر جاکر لوگوں سے امن و امان قائم رکھنے کی اپیل کی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کوئی بھی یہ فیصلہ نہیں کرسکتا کہ کو ئی کیا کھائے گا اور کیا نہیں کھائے گا۔ اس ملک کے آئین نے تمام شہریوں کو اپنی مرضی کے مطابق کھانے پینے کی اجازت دی ہے لہذا کوئی اس پر پابندی عائد نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بنگال میں 30فیصد مسلمان ہیں۔ ان کی فلاح و بہبود کی ذمہ داری ہم پر اتنی ہی ہے جتنی دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی۔