حکومت تلنگانہ وطن آنے والے این آر آئی کیلئے روزگار اور تجارت کیلئے راہیں ہموار کرے ،اجلاس
جدہ ( امین انصاری ) تلنگانہ این آر آئی فورم کا اجلاس صدر محمد عبدالجبار کی زیر صدارت ریاض میں ہوا ۔ اجلاس میں طائف کی برانچ کے انچارچ عبدالمجید نے خصوصی شرکت کرکے صدر اور اراکین فورم کو طائف کی سالانہ رپورٹ پیش کی ۔انہوں نے کہا کہ ہم طائف میں تارکین وطن کے مسائل کا جائزہ لیکر ان کی رہنمائی کرتے ہیں۔کفالت اور قونصلیٹ کے مسائل کے حل کیلئے اپنی خدمات کمیونٹی کو دیتے ہیں اور حجاج کی خدمات کو یقینی بناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ کارکنوں کو خادم حجاج بنانے کی کوشش کرتے ہیں ۔ عبدالجبار نے اراکین کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی محنت اور جستجو سے ہم 2017ءکے حج مشن کو کامیابی سے پورا کرسکے ۔ آپ کی محنت کام آئی اور ہندوستانی قونصلیٹ جدہ نے ہمیں توصیفی سند سے نوازا۔ انہوں نے امسال کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے آئندہ سال 2018 ءکے لائحہ عمل کو حتمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم رضاکار وں کی تعداد میں اضافہ کریں گے اور قونصلیٹ کے تعاون سے ہم ان رضاکاروں کو حج میں تمام سہولیات دینے کی کوشش کریں گے ۔ 2018 ءمیں ہم وہیل چیئر اور میڈیکل اشیاءمیں اضافہ کریں گے جس کیلئے ابھی سے پلاننگ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نائب صدر محمود مصری جدہ میں مقیم ہیں اور وہ فورم کے کاموں کو حتمی شکل دینے میں ہر ممکن کوشش کرتے رہتے ہیں ۔ اس موقع پر اجلاس نے تارکین وطن کی مستقل بنیاد پر وطن واپسی پر ہونے والے مسائل کا بھی جائزہ لیا اس سلسلے میں حکومت تلنگانہ سے اپیل کی جارہی ہے کہ وہ وطن آنے والے این آر آئیز کیلئے روزگار اور تجارت کیلئے راہیں ہموار کریں ۔ اجلاس میں سید وحیدالدین ، معین قریشی ،عمران قریشی ، عمر ،آصف سنگر، عظمت قریشی ، سلطان الدین ، سعید اور دیگر نے شرکت کی ۔