Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشز سیریز: انگلش ٹیم بمقابلہ آسٹریلین میڈیا

پرتھ : ایشزسیریز کبھی بھی آسان نہیں رہی لیکن اس بار انگلینڈ کی مشکلات کچھ زیادہ ہی ہیں۔ اب پرتھ میں انگلش ٹیم کا امتحان ہونا ہے۔ یہاں انگلش ٹیم کو مقامی میڈیا سے بھی نمٹنا پڑرہا ہے جو رائی کا پہاڑ بنانے میں یدطولی رکھتا ہے۔جو ائے روٹ کی قیادت کا آغاز ہی تھاکہ ایشز سیریزسامنے آگئی۔ روٹ کی کپتانی کا امتحان تو ابھی بعید تھا، رولینڈ جونز کی انجری اور بین اسٹوکس کا قضیہ بھی سر ابھارے سامنے تھا۔ انگلش ٹیم سیریز کے پہلے دو نوںمیچ ہار چکی ہے۔ایڈیلیڈ میںدوسرے ٹیسٹ کے دو دن انگلش ٹیم اچھا کھیلی۔ اینڈرسن فارم میں واپس آئے اور آسٹریلوی سرزمین پہ پہلی بار 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ایلسٹر کک سے جس تجربے کا فائدہ اٹھانا مقصود تھا، وہ تاحال اس طرح کے نتائج پیدا نہیں کرسکے۔ جوائے روٹ اپنی حد تک ہمت توکر رہے ہیں مگر ان پہ دباو اس قدر ہے کہ وہ ڈریسنگ روم سنبھال پا رہے ہیں اور نہ ہی گراونڈ میں بھرپور اسٹریٹجک کردار ادا کر سکے ہیں۔ابھی تک ہم سب یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ایڈیلیڈ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ نہ کرنے کا فیصلہ کہاں کی عقلمندی تھی اور اب پرتھ میںوہ وکٹ ہے جو کسی بھی ورلڈ کلاس بیٹسمین کے لئے خطرناک ثابت ہوتی ہے ۔ جس طرح سے یہ وکٹ پیسرز کو مدد دیتی ہے، اس سے پرتھ میں کسی خوشخبری کی توقع نہیں۔لیکن انگلش ٹیم میں فائٹ بیک کی جھلک نظر آرہی ہے۔ ابھی 3میچ باقی ہیں کہ آسٹریلوی میڈیا وائٹ واش کا ہوا کھڑا کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔14دسمبر سے ایشز سیریز کا تیسرا ٹیسٹ پرتھ میں کھیلا جائے گا، چوتھا ٹیسٹ میلبورن میں 26دسمبر سے جبکہ پانچواں اور آخری ٹیسٹ 4سے 8جنوری 2018کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: