مصنوعی کیمیکل کاسمیٹکس بالوں کو نقصان پہنچانے کا سبب بنتی ہیں . بازار میں دستیاب ہیئر کلرز بالوں اور سر کی جلد دونوں کو نقصان پہنچانے کا با عث بنتے ہیں لہذا ان ہیئر کلرز کی بجائے قدرتی اجزاء سے تیار کردہ مہندی کا استعمال بالوں کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے . کافی یا کتھا میں سے کوئی بھی ایک چیز مناسب مقدار میں مہندی کے ساتھ گھول دی جائے تو بالوں میں خوبصورت براؤن رنگ آتا ہے اور سرخی مائل جھلک سے بالوں کی دلکشی اور چمک بڑھ جاتی ہے . عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ مہندی سفید بالوں کے ساتھ ساتھ سیاہ بالوں پر بھی اثر انداز ہوتی ہے اور بالوں کا رنگ خراب کر دیتی ہے. یہ خیال بالکل غلط ہے . آسان سی سمجھنے کی بات یہ ہے کہ مہندی سفید بالوں پر اچھے اثرات ڈالتی ہے اور اس سے مجموعی طور پر بالوں کی چمک پر کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ مہندی میں کچھ ایسے قدرتی اجزاء موجود ہوتے ہیں جو بالوں کے لیے حفاظت کا کام بھی انجام دیتے ہیں اور انہیں خوبصورت رنگ میں رنگ بھی دیتے ہیں .