شاہ رخ بھی سلمان کے نقشِ قدم پر
بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے بھی دبنگ خان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے فلم کی ناکامی کے بعد دریا دلی کا مظاہرہ کرکے ڈسٹری بیوٹرز کو رقم واپس لوٹا دی۔بالی وڈ انڈسٹری میں سلمان خان اپنی دریادلی کے حوالے سے کافی مشہور ہیں اور اپنی انہی عادات کی وجہ سے وہ آئے روز خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں جبکہ اپنی پچھلی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ کی ناکامی پر ڈسٹری بیوٹرز کو رقم واپس کرکے تو انہوں نے نئی مثال قائم کی جس کی دیکھا دیکھی بالی وڈ کنگ نے بھی یہی عمل دہرایا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کی فلم ”جب ہیری میٹ سیجل“ باکس آفس پربری طرح ناکام ثابت ہوئی جس کی وجہ سے ڈسٹری بیوٹرز کو کافی نقصان برداشت کرنا پڑا کیونکہ فلمساز کی جانب سے امید ظاہر کی جارہی تھی کہ یہ فلم کم سے کم 100 کروڑ کا بزنس کرے گی لیکن فلم نے صرف 62 کروڑ 33 لاکھ کا ہی بزنس کیا جس کے بعد شاہ رخ خان نے نقصان کی رقم میں 15 فیصد این ایچ اسٹوڈیوز اور 30 فیصد دیگر ڈسٹری بیوٹرز کو واپس لوٹادیئے۔