اسرائیلی اداکارہ گیل گیڈوٹ کا نام ’واک آف فیم‘ میں شامل، فلسطین اور اسرائیل کے حامیوں کا احتجاج
اسرائیلی اداکارہ گیل گیڈوٹ کا نام ’واک آف فیم‘ میں شامل، فلسطین اور اسرائیل کے حامیوں کا احتجاج
بدھ 19 مارچ 2025 16:17
گیل گیڈوٹ نے اسرائیلی فوج میں بھی خدمات انجام دیں اور وہ اسرائیل کے موقف کی کھل کر حمایت کر رہی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
ہالی وڈ کی فلم ’ونڈر وومن‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی اسرائیلی اداکارہ گیل گیڈوٹ کو ہالی وڈ کے ’واک آف فیم‘ میں شامل کرنے کی تقریب فلسطین اور اسرائیل کے حامیوں کے احتجاج کے باعث افراتفری کا شکار ہوگئی۔
عرب نیوز کے مطابق ’واک آف فیم‘ کی یہ تقریب منگل کو ہالی وڈ میں ’ایل کیپیٹن تھیٹر‘ کے قریب اُسی روز منعقد ہوئی جس دن اسرائیل نے 19 جنوری کی جنگ بندی کے بعد غزہ پر شدید ترین بمباری کی۔
گیل گیڈوٹ اپنے اہلِ خانہ، دوستوں اور ساتھیوں کے ہمراہ اس تقریب میں شریک ہوئیں۔ فلم ’فاسٹ اینڈ فیوریئس‘ کے شریک اداکار وین ڈیزل اور ’ونڈر وومن‘ کے ڈائریکٹر پیٹی جینکنز بھی اس موقعے پر موجود تھے۔
فلسطین کے حامی مظاہرین نے ’فلسطینیوں کی طرح لڑو‘ اور ’لانگ لیو پیلسٹائن‘ کے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور وہ ’آزادی‘ کے حق میں اور ’قبضے‘ کے خلاف کے نعرے لگا رہے تھے۔
دوسری جانب اسرائیل کے حامیوں نے اسرائیلی جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور انہوں نے گیل گیڈوٹ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
احتجاج کے باعث یہ تقریب 15 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوئی۔ کشیدگی میں اس وقت اضافہ ہو گیا جب فلسطین کے ایک حامی نے مخالف مظاہرین میں سے ایک شخص سے اسرائیل کا جھنڈا چھین لیا۔
اس موقعے پر پولیس نے بعض مظاہرین کو نظربند کردیا، تاہم کسی کو گرفتار کرنے کی اطلاع نہیں ملی۔
تقریب کے موقعے پر فلسطین اور اسرائیل کے حامیوں نے احتجاج کیا اور نعرے بازی کی (فوٹو: اے ایف پی)
واضح رہے کہ اداکارہ گیل گیڈوٹ نے اسرائیلی فوج میں بھی خدمات سرانجام دے رکھی ہیں اور وہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کے بعد اسرائیل کے موقف کی کھل کر حمایت کر رہی ہیں۔
انہوں نے اپنے پلیٹ فارم کے ذریعے اسرائیلی مغویوں کی رہائی کے لیے بھی آواز بلند کی۔
ہالی وڈ میں منعقد ہونے والی تقریب میں گیل گیڈوٹ نے اپنے فلمی سفر اور اپنی کامیابیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ ’میں اسرائیل کے ایک قصبے سے تعلق رکھنے والی لڑکی ہوں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘مجھے ملنے والا یہ ستارہ مجھے میری محنت، جذبے اور اس یقین کی یاد دلائے گا کہ دنیا میں کچھ بھی ممکن ہے۔‘
گیل گیڈوٹ کی آنے والی فلم ’سنو وائٹ‘ ہے جو رواں برس 21 مارچ کو سنیما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے۔