راولپنڈی.. آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے راولپنڈی میں آ ئی ایس پی آر ڈائریکٹوریٹ راولپنڈی میں قبائلی عمائدین اورنوجوانوں کے جرگے سے الگ الگ ملاقات کی۔وفود نے امن و استحکام اور فاٹا کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے پاک فوج کی قربانیوں، کوششوں اور کردار کو تسلیم کیا اور سراہا۔ جنرل باجوہ نے کہا کہ فاٹا کے بہادر قبائلیوں کی شہادتوں سے حاصل ہونیوالی کامیابیوں کو مستحکم بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے وفود کو یقین دلایا کہ پاک فوج فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کی مکمل حمایت کرتی ہے۔قبائلی بھائیوں کی خواہشات کے مطابق اس پر عمل کیا جائیگا۔ پاک فوج قبائلی بھائیوں کی توقعات کے مطابق فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کے عمل کو جاری رکھے گی۔انہوںنے قبائلی نوجوانوں کو مستقبل کے رہنما قرار دیا۔ قبائلی عمائدین اورنوجوانوں نے قیام امن کے لئے پاک فوج کی قربانیوں کوسراہا۔