Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرتھ ٹیسٹ: انگلینڈ کی پوزیشن مستحکم

 
پرتھ:ڈیوڈ ملان کے کیریئر کی پہلی اور ناقابل شکست سنچری اور وکٹ کیپر بیٹسمین جو نی بیئر اسٹو کے75رنز کے نتیجے میں دونوں کے درمیان جاری 174 رنز کی شراکت نے ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلش ٹیم کی پوزیشن بہتر بنا دی۔ مہمان ٹیم کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 4وکٹوں کے نقصان پر305رنز بنانے میں کامیاب ہو چکی ہے۔ اوپنر مارک اسٹومین نے بھی اچھی بیٹنگ کی اور نصف سنچری اسکور کرنے کے بعد56رنز بنا کر آوٹ ہوئے ۔ بیٹنگ کے دوران انہیں ایک باونسر بھی لگا جس سے ان کا ہیلمٹ ٹوٹ گیا تاہم وہ محفوظ رہے اور نصف سنچری مکمل کرکی ۔انگلش ٹیم کے دوسرے اوپنر اور سابق کپتان ایلسٹر کک جو کیریئر کا 150واں ٹیسٹ کھیل رہے تھے ، پھر ناکام رہے اور صرف7رنز بنا پائے ۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لئے آنے والے جیمز ونس نے25اور کپتان جوئے روٹ نے20رنز بنائے ۔ 131 پر 4وکٹیں گرنے کے نتیجے میںانگلینڈ کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہوئی تھی تاہم اس مرحلے پر ڈیوڈ ملان اور وکٹ کیپر جونی بیئر اسٹو نے آسٹریلوی بولرز کی تند وتیز اور اسپن بولنگ کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن بڑی حد مستحکم کردی۔ اس شراکت کے دوران ڈیوڈ ملان اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کرنے میں بھی کامیاب رہے ۔ ملان نے158گیندوں کا سامنا کیا اور جوش ہیزل وڈ کو چوکا لگایا یہ سنگ میل عبور کرتے ہوئے اس گراونڈ پرکیریئر کی پہلی سنچری بنانے والے پانچویں انگلش بیٹسمین بھی بن گئے۔ان کی اس شاندار سنچری سے کچھ دیر پہلے جونی بیئر اسٹو نصف سنچری مکمل کرچکے تھے۔ان کی شراکت کو توڑنے کے لئے آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے خود بھی بولنگ کی لیکن ناکام رہے۔امپائرز نے ایک اوور پہلے کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا تو ڈیوڈملان174 گیندیں کھیل کر ایک چھکے اور15چوکوں کی مدد سے 110اور بیئر اسٹو149گیندوں پر10چوکوں کی مدد سے 75رنز مکمل کرچکے تھے۔ ان دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لئے174رنز کی شراکت ہوئی۔ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے2جبکہ جوش ہیزل وڈ اور پیٹ کمنز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
 
 
 
 

شیئر: