بینکاک.... تھائی لینڈ میں ایک موٹر وے پر لوگ 3گھوڑوں کو دوڑتے ہوئے دیکھ کر حیران رہ گئے۔ ایک موٹر سائیکل سوار نے ان گھوڑوں کو چیانگ مائی موٹر وے پر دیکھ کر وڈیو بنالی۔ وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ گھوڑے تقریباً ایک میل تک دوڑتے رہے جس کے بعد وہ قریبی سڑک پر مڑ گئے۔28سالہ موٹر سائیکلسٹ نے ان گھوڑوں کو بگٹٹ دوڑتے ہوئے دیکھا اور ایک میل تک انکی فلم بناتا رہا۔ حتی کہ یہ گھوڑے ٹریفک سگنل کے قریب پہنچ گئے جس کی وجہ سے موٹر سائیکل سوار کو اپنی موٹر سائیکل روکنا پڑی لیکن یہ گھوڑے قریب ہی واقع سڑک پر مڑ گئے۔ ایک مکینک نے جو یہ منظر دیکھ رہا تھا کہ کہا کہ معلوم نہیں ان گھوڑوں کا مالک کون ہے۔ تھائی لینڈ میں عام طور پر گھوڑے نظر نہیں آتے۔ یہ تو بہت اچھا ہوا کہ ان گھوڑوں کی وجہ سے کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔