ٹی10لیگ:آفریدی کی ہیٹ ٹرک
شارجہ:پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور معروف آل راونڈر شاہد آفریدی نے ٹی 10لیگ کے اپنے پہلے میچ کو اس وقت یادگار بنا دیا جب انہوں نے اپنے پہلے اوور کی پہلی 3 گیندوں پر مراٹھا عریبینزکے3کھلاڑیوں کو آوٹ کرتے ہوئے لیگ میں پہلی ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل کیا اور ان کی ٹیم پختونز نے 25رنز سے میچ جیت لیا۔ افتتاحی میچ میں کیرالا کنگز نے بنگال ٹائیگرز کو8وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔ پختونز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اوپنرز احمد شہزاد اور ڈیوائن اسمتھ کے جلد آوٹ ہو جانے کے باوجود مراٹھاعریبینز کو مقررہ 10اوورز میں 122رنز کا بڑا ہدف د یا۔ فخر زمان نے ناقابل شکست45اور لیام ڈاوسن کنے44رنز بنائے ۔ پختونز کے 4کھلاڑی آوٹ ہوئے ۔ کپتان شاہد آفریدی نے 10اور نجیب اللہ زدران نے9رنز اسکور کئے ۔ مراٹھا کے بولرعماد وسیم نے2 وکٹیں لیں۔جوابی بیٹنگ میں مراٹھا عریبینز کے اوپنر ایلکس ہیلز نے اچھی بیٹنگ کی اور لیگ کی پہلی ناقابل شکست نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے تاہم دوسری جانب کامران اکمل اور لینڈل سمنزان کا زیادہ دیر ساتھ نہیں دے سکے۔ باقی کسر شاہد آفریدی نے پوری کردی جب انہوں نے اپنے پہلے اور میچ کے پانچویں اوور کی ابتدائی تینوں گیندوں پر رلی روسو، ڈیوائن براوواور مراٹھا کے کپتان و ریندر سہواگ کو آوٹ کردیا۔روسو نے 5رنز بنائے اور ان کا شاندار کیچ نجیب اللہ زدران نے لیا ۔ براوو اور سہواگ اسکور نہیں کر سکے ، دونوں ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے۔ ایلکس ہیلز کی بھرپور کوشش کے باوجود 7وکٹوں پر 96رنز تک ہی پہنچ پائی اور 25 رنز سے شکست کاسامنا کرنا پڑا۔ ایلکس ہیلزنے26گیندوں پر4چھکوںاور5چوکوں کی مدد سے57رنزناٹ آوٹ بنائے۔ آفریدی نے3،عرفان اور سہیل خان نے2،2وکٹیں حاصل کیں۔شاہد آفریدی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔