ریاض (نمائندہ خصوصی )پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے ضلع کمالیہ سے آئے مسلم لیگی رہنما چوہدری جمیل گجر کے اعزاز میں ملک محمود ڈوگر نے عشائیہ کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ ریاض ریجن کے صدر خالد اکرم رانا کا کہنا تھا کہ نوازشریف جب بھی ملک کے وزیر اعظم منتخب ہوئے ان کے دور حکومت میں ترقی کے کام خوب ہوئے۔ ملک بھر میںسڑکوں کا جال بچھایاگیا،انڈسٹری کو فروغ دیکر مزدور کو روزگار مہیا کیا گیا ،اب بھی پاکستان ترقی کی نئی منزلیں طے کر رہا تھا ۔ پاکستانی عوام آج بھی نوازشریف سے اتنا پیار کرتی ہے جتنا عدالتی فیصلے سے قبل کرتی تھی۔ مسلم لیگی رہنما چوہدری جمیل گجر کا کہنا تھا کہ وہ ڈیڑھ سال قبل پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ کر مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ عمران خان قوم کو گمراہ کرنے کے علاوہ کچھ اور نہیں کر رہے وہ ایک غیرسنجیدہ سیاستدان ہیں مگر نوازشریف ایک منجھے ہوئے اور تجربہ کار سیاستدان ہیں انہوں نے جس طرح ملک سے اندھیروں کو دور کیا ہے وہ قابل دید ہے مسلم لیگ آئندہ بھی ملک کی باگ ڈور سنبھالے گی اور ملک کو ترقی کی نئی منزل کی جانب گامزن کرے گی۔تلاوت کلام پاک اور ہدیہ نعت کی سعادت عابد شعمون چاند نے حاصل کی۔