اسلام آباد... وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ 16 دسمبر 2014ء کو سانحہ آرمی پبلک اسکول ملکی تاریخ میں سیاہ یوم کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم نے جان و مال کی جو قربانیاں دی ہیں وہ شاید ہی کسی دوسری قوم نے دی ہوں۔ یہ عہد کریں کہ ہم سب مل کر پاکستان کو ایک ایسا جمہوری معاشرہ بنائیں گے جہاں مذہب، فرقہ واریت، لسانیت، رنگ و نسل یا کسی بھی عنوان سے تشدد اور انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہ ہو۔سانحہ اے پی ایس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس سانحہ نے پاکستانی قوم میں دہشت گردی کے خلاف تاریخ ساز وحدت کو جنم دیا۔ اس دل سوز اور دل خراش واقعہ کے نتیجہ میں پوری قوم نے کامل یکسوئی کے ساتھ دہشت گردی کے عفریت کے خلاف فیصلہ کن معرکہ لڑنے کا مصمم ارادہ کر لیا۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت پاکستان کی بہادرسیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو شکست فاش دی۔ آج پاکستان میں دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ معصوموں کا خون رنگ لایا ہے۔ آج پاکستانی دنیا میں وہ واحد قوم ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا رہے گا کہ وطنِ عزیز کو دہشت گردی سے پاک کرنے کےلئے ہم نے اپنے کیسے کیسے ہیرے قربان کئے۔وزیراعظم نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم اپنے شہدا، پاک فوج، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔