Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کرکٹ کپ، بنگلہ دیش مضبوط امیدوار

 
ڈھاکا: ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے بنگلہ دیش کو حتمی فیصلے کا انتظار ہے تاہم بی سی بی کی میڈیا اور کمیونیکیشن کمیٹی کے چیئرمین جلال یونس کا کہنا ہے کہ بات چیت ابھی ابتدائی مراحل میں ہے جبکہ تاحال باضابطہ پیشکش نہیں ہوئی۔ایشین کرکٹ کونسل کے اکتوبر 2015میں ہونے والے اجلاس میں ایشیا کپ 2018کی میزبانی ہند کو دی گئی تھی۔ فیوچر ٹور پروگرام میں اس کیلئے ستمبر کا شیڈول بھی رکھا گیا ہے مگر ایونٹ میں پاکستان کے بھی شامل ہونے کی وجہ سے بی سی سی آئی کو وزارت داخلہ اور خارجہ کا اجازت نامہ درکار ہے۔اس سے قبل اسی بنا ءپرجونیئر ایشیا کپ کی میزبانی ملائیشیا کو دیدی گئی اور کوالالمپور میں مقابلے ہونگے۔ہند کی جانب سے سینئرز مقابلے بھی کرانے سے انکار کے بعد اے سی سی کو متبادل وینیو کی تلاش ہے۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی صدارت میں گزشتہ دنوں دبئی میں ہونے والے اجلاس میں بھی اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آسکا البتہ 2018 کے ایڈیشن کیلئے بطور میزبان بنگلہ دیش کو مضبوط امیدوار سمجھا جارہا ہے۔اس حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے بی سی بی کی میڈیا اور کمیونیکیشن کمیٹی کے چیئرمین جلال یونس نے کہاکہ بات چیت ابھی ابتدائی مراحل میں ہے تاحال باضابطہ پیشکش نہیں ہوئی،اس لئے ابھی حتمی طور پرکچھ نہیں کہہ سکتے۔مقابلوں کے انعقاد میں کافی وقت ہونے کی وجہ سے انتظار کرسکتے ہیں۔ 

شیئر: