آل پاکستان کبڈی چیمپیئن شپ
ملتان: ملتان میں ہونے والی آل پاکستان انٹر بورڈز کبڈی چیمپیئن شپ فیصل آباد نے جیت لی۔ فائنل میں لاہور بورڈ کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی۔انٹر بورڈ کبڈی چیمپیئن شپ کے فائنل میں فیصل آباد اور لاہور بورڈ میں تگڑا جوڑ پڑا۔ دونوں ٹیموں کے کبڈرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ کبڈی کے کھیل کی اصطلاح میں جپھے، قینچی اور لپیٹا کہے جانے والے داو کی مدد سے فیصل آباد کے کھلاڑیوں کے نے لاہوریوں کو پریشان کر دیا اور 28کے مقابلے میں 46 پوائنٹس سے آخری معرکہ اپنے نام کرلیا۔ کبڈی کا خوبصورت اور طاقتور کھیل پنجاب کی خاص شناخت ہے اور پنجا ب کے نہ صرف شہروں بلکہ گاوں ، گاوں میں کھیلا جاتا ہے اور یہ کھیل نہایت مقبول سمجھا جاتا ہے۔ اسی لئے اس میں خصوصی داو کو پنجابی زبان میں ہی گردانا جاتا ہے۔ فاتح ٹیم کے محمد شبیر نے نہایت عمدہ کھیل پیش کیا اور پورے ٹورنامنٹ میں چھائے رہے۔چیمپیئن شپ کے اختتام پر چیئرمین تعلیمی بورڈ نے کامیاب اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کیں اور جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔