Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی ٹین کرکٹ بھی مقبول ہو گی، یونس خان

کراچی:سابق کپتان اور مایہ ناز بیٹسمین یونس خان کا کہنا ہے کہ ٹی ٹین لیگ سے کرکٹ کے دیگر فارمیٹس کو کوئی خطرہ نہیں کیونکہ ہر طرز کی اپنی اہمیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ون ڈے کرکٹ آئی تھی تو ٹیسٹ کرکٹ کے خطرے میں پڑ جانے کی باتیں ہوتی رہیں۔ اس کے بعدٹی ٹوئنٹی کرکٹ متعارف ہوئی تو یہ دعوے شروع ہو گئے کہ اس سے ون ڈے کرکٹ متاثر ہوگی لیکن ایسا کوئی بات نہیں ہوئی۔ تینوں فارمیٹس چل رہے ہیں اور اب ان میں ایک اور کا اضافہ ہو گیا جو کامیاب ہوتا نظر آرہا ہے ۔ سابق کپتان نے کہا کہ آج بھی ایشزسیریز کے ٹیسٹ میچ دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم میں 40،40ہزار تک شائقین آرہے ہیںاور مجھے یقین ہے کہ روایتی فارمیٹ میں اگر پاک ہند مقابلے شروع ہو جائیں تو وہ بھی یقینی طور پر مقبول ہوں گے۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ کھیل میں جدت کے عمل کو کوئی نہیں روک سکتا لیکن دیکھنا ہوگا کہ کون سا کھلاڑی کس فارمیٹ کیلئے موزوں ہے۔ ہر کرکٹر ٹی ٹوئنٹی لیگ کیلئے موزوں نہیں،اسی طرح سب کا مزاج ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والا بھی نہیں ہوتااور یہی وجہ ہے ہر کھلاڑی ہر فارمیٹ میں کامیاب نہیں ہو پاتا۔ انہوں نے کہا موجودہ کرکٹ میں بہت کم کھلاڑی ایسے ہیں جو تینوں فارمیٹس میں نمائندگی کے اہل اور ان میں شرکت کا حق ادا کر سکتے ہیں۔ میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلا اور کپتان کے طور پر پاکستان کےلئے ورلڈ کپ بھی جیتا لیکن آخر مجھے خود کو ٹیسٹ کرکٹ تک محدود کرنا پڑا اور کم و بیش یہی صورتحال سب کے ساتھ ہو تی ہے۔اس لئے ہمیں تبدیلی کو قبول اور اس کےلئے خود کو تیار رکھنا چاہئے۔
 

شیئر: