اسلام آباد... دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادو پاکستان میں دہشت گردی کا بدنما چہرہ ہے۔ کلبھوشن کے اہل خانہ سے ملاقات میں ہونے والی گفتگو ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر نے نہیں سنی وہ نگراں کے طور پر موجود رہے۔ اسے کسی طور پر قونصلر رسائی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ہندوستانی سفارتکار نے ساﺅنڈ پروف شیشے سے پیچھے سے صرف ملاقات دیکھی ۔ترجمان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اہل خانہ کو ملاقات کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ ملاقات کے لئے 30منٹ کا وقت مقرر تھا تاہم کلبھوشن کی درخواست پر اس میں10 منٹ کا اضافہ کیا گیا ۔ترجمان نے کہا کہ کلبھوشن سے اہل خانہ کی ملاقات آخری نہیں تھی ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ہائی کمیشن اور کلبھوشن کے اہل خانہ کو علم تھا کہ ملاقات شیشے کے پیچھے سے ہوگی۔ اس پر اعتراض نہیں کیا ۔ترجمان نے کہا ملاقات سے قبل کلبھوشن کا جرمن ڈاکٹر سے طبی معائنہ کرایا گیا ۔