Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کلبھوشن کی اہلیہ کے جوتے میں مشکوک چیز تھی، پاکستان، منگل سوتر ، بندی بھی اتروالی ، ہند

     اسلام آباد،نئی دہلی- - - -  پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ہندوستانی جاسوس کلبھوشن جادھو کی اہلیہ کے جوتے میں کوئی مشکوک چیز موجود تھی اس لیے وہ جوتے رکھ کر انہیں متبادل جوتوں کا جوڑا فراہم کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کلبھوشن جادھو سے گزشتہ روز ان کی اہلیہ چیتنا جادھو اور والدہ کی ملاقات کروائی گئی، کلبھوشن کی بیوی کے جوتے میں کوئی مشکوک چیز پائی گئی جس پر انہیں متبادل جوتوں کا جوڑا دیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کلبھوشن کی بیوی کی جیولری اور دیگر ضروری اشیاء واپس کردی گئیں جبکہ ان کے جوتے میں کیا تھا اس بات کی تصدیق کے لیے جوتے لیب بھجوادیے گئے ہیں، کلبھوشن کی بیوی نے موٹے سول والے جوتے پہن رکھے تھے۔دریں اثنا منگل کی صبح  کلبھوشن جادھو کے اہل خانہ نے  نئی دہلی میں ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کی۔ ہند کے سیکریٹری خارجہ جے شنکر اور وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار بھی موجود تھے۔ ملاقات کے بعد ہندوستانی جاسوس کے اہل خانہ  میڈیا سے گفتگو کرنے سے گریز کرتے ہوئے وہاں سے رخصت ہوگئے۔ہندوستانی میڈیا کا کہنا تھا کہ اس ملاقات کے دوران سشما سوراج کلبھوشن جادھو کی خیریت دریافت کرنے کیلئے انہیں مدعو کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ سشما سوراج نے یہ ملاقات کلبھوشن کے اہل خانہ کو تسلی دلانے کیلئے کی ہے۔   وزارت خارجہ کے ترجمان  رویش کمار نے کلبھوشن کی فیملی اور وزیر خارجہ سشما سوراج کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی  کے نام پر کلبھوشن کی فیملی کی ثقافتی اور  مذہبی  حساسیت کو مجروح کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ملاقات سے قبل دونوں حکومتیں  سفارتی چینلز کے ذریعے  اسکا طریقہ کار اور فارمیٹ طے کرنے کیلئے  رابطے میں تھیں ۔ دونوں فریقین کے درمیان اس حوالے سے واضح  مفاہمت تھی  ۔انہوں نے کہا کہ ہندنے  اپنی ذمہ داریوں کی پابندی کی تاہم ہمیں افسوس سے یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ پاکستان  نے یہ ملاقات اس طریقے سے کروائی کہ  جس میں ہمدردی کے جذبے کی خلاف ورزی ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن کی والدہ کو ملاقات کے دوران اپنی مادری زبان مراٹھی میں بات نہیں کرنے دی گئی ۔ کلبھوشن کی اہلیہ کی چوڑیاں، منگل سوتر  اور بندی بھی  اتروادی گئیں۔

شیئر: