ممبئی۔۔۔۔مہاراشٹر کے تھانے میں واقع سمبایوسس کانوینٹ ہائی اسکول انتظامیہ نے طالبات کے تحفظ کی بات کہتے ہوئے مسلم طالبات کے حجاب پہننے پر پابندی لگا دی ہے۔ ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے اسکول کے ٹرسٹی کمل راج دیو نے کہا کہ طالبات کے تحفظ کیلئے ہی یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ طالبات اپنے پورے چہرے کو نقاب سے ڈھک لیتی ہیں ۔جب وہ اسکول آتی ہیں تو اسکول کا سیکیورٹی اہلکار انہیں نہیں پہچان پاتا ،اسلئے یہ نظام بنایا گیا ہے۔ کمل راج کے دیو کے مطابق کچھ دنوں قبل 2خواتین اپنی بچی کو لینے آئی تھیں اور ان کے چہرے ڈھکے ہوئے تھے ۔جب کلاس ٹیچر کو بلایا گیا تو دونوں عورتیں وہاں سے بھاگ کھڑی ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک طرح سے اغوا کی کوشش تھی۔ رپورٹ کے مطابق اسکول انتظامیہ نے سرکلر جاری کرکے ہدایت دی کہ طالبات کو اسکول کے اندر اپنے چہرے کو ڈھکنے کی اجازت نہیں ہوگی۔