Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ روانہ

لاہور: فتح کےلئے پر عزم پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کےلئے روانہ ہوگئی جہاں وہ کیوی ٹیم کیساتھ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی۔ کپتان سرفرازاحمد نے کہا کہ قومی ٹیم ردھم میں ہے، پلیئرز نیوزی لینڈکے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے پرعزم ہیں، کیویز کیخلاف سیریز میں پوری کوشش کریں گے کہ قوم کو مایوس نہ کریں۔ انھوں نے کہاکہ بولنگ ہمارا اہم ہتھیار رہی لیکن جنید خان، عثمان شنواری اور عماد وسیم کی انجریز سے ٹیم کو دھچکا لگا۔محمد عامر، حسن علی اورعامر یامین غیرحاضر بولرز کی کمی پوری کریں گے جبکہ نیوزی لینڈ میں میچز کے دوران کنڈیشز دیکھ کر 4یا 5 بولرزکو کھلانے کا فیصلہ ہوگا۔کپتان نے کہا کہ محمد حفیظ کی بولنگ پر پابندی لگنا بڑا نقصان ہے ، فی الحال درمیانی اوورز میں شعیب ملک سے بولنگ کرانے کا پلان ہے،حارث سہیل کو آل راونڈر سمجھتے ہیں ان کی بیٹنگ زیادہ اچھی ہے، محمد نواز بولنگ آل راونڈر ہیں،ضرورت ہوئی تو دونوں کو بھی پلیئنگ الیون میں شامل کرسکتے ہیں۔ ہم مثبت اور اٹیکنگ کرکٹ کھیلےں گے۔ انھوں نے کہا کہ احمد شہزاد کو نظر انداز نہیں کیا گیا، ٹی ٹوئنٹی میں انھیں موقع ملے گا جبکہ گزشتہ سیریز میں ان کی کارکردگی بہتر نہ تھی جس کی وجہ سے امام الحق کو موقع دیا گیا، انہوں نے بتایا کہ نوجوان اوپنر اچھا پرفارم کر رہے ہیں۔سرفراز احمد نے کہا کہ کسی ملک کی ہوم کنڈیشنز پر کھیلنا مشکل ہوتا ہے لیکن فخر زمان کے سوا تمام کھلاڑی نیوزی لینڈ میں صلاحیتوں کا اظہار کرچکے ہیں۔ روانگی سے قبل ٹیم کے اعزاز میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں عصرانہ دیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں فتح کے بعد قومی ٹیم کا مورال بلند ہے، امید ہے گرین شرٹس قوم کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی دباوقبول کرنے کے بجائے اپنے فطری کھیل کا مظاہرہ کرتیں۔نجم سیٹھی نے کہا کہ سینیئر کھلاڑیوں کے ساتھ نوجوانوںپر مشتمل متوازن اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران کھلاڑی ڈسپلن کا خاص خیال رکھیں ۔ 15 رکنی اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز، محمد عامر، حسن علی، عامر یامین اور رمان رئیس شامل ہیں،5ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا مقابلہ6جنوری کو ہوگا۔

شیئر: