انڈر 19کا دوسرا میچ بارش جیت گئی
میلبورن:پاکستان انڈر19اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا۔ میلبورن میں کھیلے جانے والے میچ کے دوران میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.1اوورز میں235رنز بنائے ۔ایرون ہارڈی نے 85رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ۔ دیگر بیٹسمینوں میں پیٹرک روو نے39جبکہ وائٹ نے27، کپتان ول سدر لینڈ نے26اور ہاروی نے25رنز کا اضافہ کیا۔پاکستان کی جانب سے ارشد اقبال نے3،شاہین شاہ آفرید اور حسن خان نے2،2 جبکہ علی زریاب اور موسیٰ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔بارش کی وجہ سے اوورز کم کرکے پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے 38اوورز میں206رنز بنانے کو کہا گیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد زید عالم اور عمران شاہ نے بیٹنگ کا آغاز کیا۔ 44کے مجموعی اسکور پر عمران شاہ13رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔ اسکور میں10رنز کے اضافے پرزید عالم بھی28رنز بنا کر کیچ آوٹ ہو گئے ۔روحیل نذیر8اورعلی زریاب ایک رن بنا کر وکٹ پر موجود تھے جبکہ مجموعی اسکور 12.2اوور 60رنز تھا کہ بارش شروع ہو گئی اور اس کے بعد انتظار کے باوجود کھیل ممکن نہیں ہو سکا۔امپائرز نے دونوں ٹیموں کو برابر پوائنٹس دے کر بارش کو جتوا دیا۔ پاکستانی ٹیم کو سیریز میں1-0کی برتری حاصل ہے۔