Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میلبورن ٹیسٹ ایلسٹر کک کا بیٹ کیری ریکارڈ

 
میلبورن:ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے چوتھے دن انگلینڈ کی آخری وکٹ پہلی ہی گیند پرگرگئی اور تیسرے دن کے اسکور میں کوئی اضافہ نہ ہو سکا۔ انگلینڈ نے آسٹریلیا کی پہلی اننگز 327رنز کے جواب میں 491رنز کی اننگز کھیلی۔ اوپنر اور سابق کپتان ایلسٹر کک نے بیٹ کیری کرتے ہوئے کئی ریکارڈز توڑ دئیے۔کک نے پہلی اننگز میں 244 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور میلبورن میں انفرادی طور پر بڑی ٹیسٹ اننگز کھیلنے کا سابق ویسٹ انڈین بلے باز ویوین رچرڈز کا 208 رنز کا 33سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا۔ کک 11 مرتبہ 150 پلس اننگز کھیلنے والے انگلش بلے باز بھی بن گئے۔ایلسٹر کک ایشز سیریز میں بڑی اننگز کھیلنے والے پانچویں انگلش بیٹسمین بھی بن گئے۔اس روایتی سیریز میں سب سے بڑی ایشز اننگز کھیلنے کا اعزاز لین ہٹن کو حاصل ہے جنہوں نے 1938 میں 364 رنز کی اننگز کھیلی تھی، فوسٹر 287 رنز کی اننگز کھیل کر دوسرے، بیرنگٹن 256 رنز کے ساتھ تیسرے، ویلی ہیمنڈ 251 رنز کی اننگز کھیل کر چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ ایلسٹر کک نے ٹیسٹ کرکٹ میں ویسٹ انڈینز کے سابق کپتان اور مایہ ناز بیٹسمین برائن لارا کے زیادہ رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میںرنز کی تعداد کے حوالے سے چھٹے نمبر پر آ گئے ۔کک نے 11ہزار 953 رنز بنانے والے برائن لارا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اپنے رنز کی تعداد 11ہزار 956 کر لی ہے۔ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ رنز بنانے کا عالمی اعزاز سچن ٹنڈولکر کو حاصل ہے جنہوں نے 15921 رنز بنائے ہیں، رکی پونٹنگ 13378 رنز بنا کر دوسرے، جیک کیلس 13289 رنز بنا کر تیسرے، راہو ل دراوڑ 13288 رنز بنا کر چوتھے اور کمار سنگاکارا 12400 رنز بنا کر پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔انگلینڈ کے اوپنر نے جہاں دیگر کرکٹرز کے ریکارڈ توڑے وہیں اپنا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا۔ کک اوپنر کے طور پرٹیسٹ میچ میں سب سے بڑی ناقابل شکست اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے اور جب ان کا اسکور 236رنز ہوا تو ساتھ ان کی جانب سے آسٹریلیا ہی خلاف 2010 میں بنائے گئے 235رنز ناٹ آوٹ ریکار ڈ باقی نہ رہا۔ اب ایلسٹر کک 244رنز ناٹ آوٹ کے ساتھ اپنا ہی ریکارڈ بہتر بنا چکے ہیں۔

شیئر: