ریاض میں سپورٹس بولیوارڈ کے پہلے مرحلے کا افتتاح
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر سرپرستی سپورٹس بولیوارڈ فاونڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا کہنا ہے’ سپورٹس ٹریک کے ترقیاتی منصوبے کے پہلے مرحلے کا افتتاح بدھ 26 فروری کو کردیا گیا جبکہ جمعرات 27 فروری سے عوام کے لیے کھولا جا رہا ہے۔‘
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق تفریحی منصوبہ جسے عوام کے لیے کھولا جا رہا ہے ریاض شہر کے پانچ مقامات پر شروع کیا گیا تھا۔
منصوبہ جن مقاما ت پر شروع کیا گیا ان میں وادی حنیفہ، پرومینیڈا ، شہزادہ محمد بن سلمان اور شہزادہ ترکی بن عبدالعزیز الاول شاہراہ کی کراسنگ، شہزادہ نورہ بن عبدالرحمان یونیورسٹی کے داخلی ٹریک اوراسپورٹس سینڈی ٹریک کی تفریحی گاہ شامل ہے۔ منصوبہ مجموعی طورپر 83 کلومیٹر پر محیط ہے۔
سپورٹس بولیوراڈ منصوبہ جو ریاض شہر کے بڑے ترقیاتی منصوبوں میں سے ایک ہے کا آغاز شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 19 مارچ 2019 میں کیا تھا۔
منصوبے کا مقصد ریاض شہر کو عالمی معیار کے مطابق ترقی دینا ہے جو مملکت کے ویژن 2030 کے اہداف میں شامل ہے۔
شہر ریاض کی مغربی سمت میں واقع وادی حنیفہ کا ترقیاتی منصوبہ 13.4 کلومیٹر طویل ہے جو ’العلب‘ بند کی شمالی سمت سے شروع ہوتا ہے اور جدہ ہائی وے کی جنوب تک پھیلا ہوا ہے۔
منصوبے میں واکنگ اور سائیکلنگ ٹریکس کے علاوہ گھڑ سواری کے لیے بھی خصوصی راستے بنائے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں جگہ جگہ سائے کے لیے درخت اور سائیکلنگ کرنے والوں کے آرام کے لیے مخصوص شیڈز بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔
چہل قدمی کے لیے 4 کلومیٹر طویل ٹریک بھی سپورٹس بولیوارڈ میں تعمیر کیا گیا ہے جس میں سائیکلنگ ٹریکس بھی بنائے گئے ہیں۔ مختلف مقامات کو بچوں کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔