پاک ہند کرکٹ سیریز کی اہمیت ہے ، نجم سیٹھی
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین نجم سیٹھی نے ہندوستانی بورڈ سے کہا ہے کہ وہ سیاسی تناو کو بالائے طاق رکھ کر سیریز کھیلنے پر راضی ہو جائے۔ہندوستانی وزیرخارجہ سشما سوراج کے بیان پر نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہماری دو طرفہ سیریز کی اہمیت سب سے زیادہ ہے اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان اور ہند کی کرکٹ سیریز ایشز سے بھی بڑی ہوتی ہے اور یہ دونوں بورڈز کیلئے مالی لحاظ سے بھی بہت اہمیت کی حامل ہے۔ سشما سوراج نے سرحدی کشیدگی کو بنیاد بناکر اپنے بیان میں پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کیا ہے۔ پاکستان نے سیریز نہ کھیلنے پر گزشتہ سال نومبر میں ہندوستانی کرکٹ بورڈ کو قانونی نوٹس بھیجا تھا جس میں سیریز نہ کھیلنے سے پاکستان کو ہونے والے نقصان کی پاداش میں70ملین ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔دریں اثناء پاِکستانی سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف نے کہا ہے کہ ہند آئی سی سی ایونٹ میں پاکستان کے ساتھ کھیلنے کا بائیکاٹ کیوں نہیں کرتا ؟ وہ سشما سوراج کے بیان پر اپنا ردعمل ظاہر کر رہے تھے، راشد لطیف نے کہا کہ ہند آئی سی سی ایونٹس میں تو پاکستان سے کھیلتا ہے لیکن دو طرفہ سیریز سے بھاگ رہا ہے جو اس کی دہری پالیسی ہے۔ راشد لطیف کا مزید کہناتھاکہ اگر ہند نہیں مانتا تو پاکستان کرکٹ بورڈ کسی بھی سطح پر ہندکے ساتھ نہ کھیلنے کا اعلان کردے ۔