راولپنڈی.... آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بہادر جوانوں کی موجودگی میں کوئی دھمکی پاکستان کو نقصان نہیں پہنچاسکتی ۔ ان کی قربانیاں ہی ہمیں پرامن اور مستحکم پاکستان کی طرف لے جارہی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے کرک کے علاقے گڑھ خیل میں محمدعلی خان کے گھر کا دورہ کیا اور مادر وطن کےلئے جان دینے والے ان کے تینوں بیٹوں کی عظیم قربانیوں پر اہلخانہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ایسے عظیم والدین اور بہادر بیٹے ہوں تو کوئی دھمکی پاکستان کو نقصان نہیں پہنچاسکتی اور کوئی رقم ان کی حب الوطنی و قربانیوں کی قیمت نہیں چکاسکتی۔ ان کی قربانیاں ہی ہمیں پرامن اور مستحکم پاکستان کی طرف لے جارہی ہیں۔ دوسری جانب محمدعلی نے دورہ کرنے اور گاﺅں کیلئے فلاحی پیکیج دینے پرآرمی چیف کا شکریہ اداکیا۔