دمام.... مواصلاتی بورڈ کے ترجمان عادل ابو حمید نے واضح کیا ہے کہ انٹرنیٹ پیکیج سم مہنگی کرنیوالی کمپنیوں پر جرمانے ہونگے۔ مواصلاتی بورڈ نے انٹرنیٹ سم کے نرخ 50فیصد تک بڑھانے والی کمپنیوں کے خلاف فوری تحقیقات شروع کردی۔ بورڈ کے لائحہ عمل کے مطابق قاعدے ضابطے کی خلاف ورزی پر جرمانے مقرر ہیں۔صارفین نے کمپنیوں کیخلاف شکایات درج کرائی ہیں۔ابو حمید نے الوطن اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بعض صارفین کا کہناہے کہ ایسا لگتا ہے کہ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں نے آپس میں گٹھ جوڑ کرلیا ہے اور فی الوقت جو پیکیج جاری کئے جارہے ہیں وہ آپسی ساز باز کا حصہ لگتے ہیں۔ابو حمید نے وعدہ کیا کہ تحقیقات مکمل ہونے پر تفصیلات اور قراردادوں پر مشتمل وضاحتی بیان جاری کیا جائیگا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انٹرنیٹ سروس پر اجارہ داری غیر پیشہ ورانہ تصرفات ، انٹرنیٹ سروس میں گڑبڑ قانون کی نظر میں خلاف ورزیاں ہیں۔ ان پر کم سے کم اور انتہائی سزائیں مقرر ہیں۔ ہر کمپنی مقررہ ضوابط کے مطابق سروس فراہم کرنے کی پابند ہے۔